حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا شہداء جموں کو خراج عقیدت

بدھ 6 نومبر 2019 12:44

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا شہداء جموں کو خراج عقیدت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 نومبر2019ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے شہداء جموں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1947 میں آر ایس ایس اور ڈوگرہ غنڈوں نے جموں میں لاکھوں مسلمانوں کو شہید کیا‘ یہ وہ دو ہفتے تھے جب کشمیر میں دنیا کی بدترین مذہبی نسل کشی کی گئی‘چند مسلمان جان بچا کر پاکستان پہنچنے میں کامیاب ہوئے‘ جو 1947 میں ہوا وہی 2019 میں ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو یوم شہداء جموں کے موقع پر اپنے پیغام میں مشعال ملک نے کہا کہ 1947 میں آر ایس ایس اور ڈوگرہ غنڈوں نے جموں میں لاکھوں مسلمانوں کو شہید کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو نہیں بھولنا چاہیے یہ وہی آر ایس ایس کی حکومت ہے‘یہ وہی خونی سرکار ہے جس نے پوری کشمیری قوم کو یرغمال بنا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو یرغمال بنا کر بھوک اور پیاس سے مارا جارہا ہے، کشمیریوں کے محاصرے کو تین ماہ سے زیادہ ہوگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں اس سے قبل کہ 1947 سے بڑا قتل عام ہو۔ انہوں نے کہا کہ کئی دہائیوں سے کشمیری قوم اپنے خون سے اس تحریک کو چلا رہی ہے۔