حکومتی وزراء توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، مسلم لیگ(ن)

حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کررہے ہیں، وزراء نے پیغام دیا کہ انہیں عدالتی فیصلہ قبول نہیں، نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے،اعلیٰ عدلیہ نے فیصلے میں تحریر کیا کہ نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے۔ ترجمان مریم اورنگزیب کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 نومبر 2019 18:58

حکومتی وزراء توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، مسلم لیگ(ن)
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومتی وزراء توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں، حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کررہے ہیں، وزراء نے پریس کانفرنس میں پیغام دیا کہ انہیں عدالتی فیصلہ قبول نہیں، نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے،اعلیٰ عدلیہ نےفیصلے میں تحریر کیا ہےکہ نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومتی وزراء کی پریس کانفرنس اور وزیراعظم کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ حکومتی وزراء عدالتی فیصلے کی من مانی تشریح کر کے توہین عدالت کر رہے ہیں وزراء نے پریس کانفرنس میں پیغام دیا کہ انہیں عدالتی فیصلہ قبول نہیں
۔

(جاری ہے)

ترجمان ن لیگ نے کہا کہ محمد نواز شریف کی سزا تمام کیسز میں معطل ہے تمام مقدمات میں محمد نواز شریف کی سزا عدالت معطل کرچکی ہے اعلیٰ عدلیہ نے سزا معطلی کے فیصلہ میں تحریر کیا ہے کہ بادی النظر میں محمد نواز شریف کو دی گئی سزا غلط ہے حکومت اپنے حکومتی حد میں رہے عدالت نہ بنے۔

انہوں نے کہا کہ وزراء عدالتی فیصلے کی غلط تشریح و تعبیر کرکے ڈھٹائی اور بے شرمی کا مظاہرہ کر رہے ہیں عدالتی فیصلے میں یہ بھی لکھا ہے کہ جس شخص کی سزا اعلی عدلیہ معطل کر چکی ہو،اس میں حکومت مداخلت کرکے کوئی شرط اوراس کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈال سکتی۔

انہوں نے کہا کہ عدالت نے شرط نہیں لگائی تھی تو پھر حکومت نے عدالت بننے کی کوشش کیوں کی؟ حکومت نے عدالت کا اختیار استعمال کرنے کی ناکام کوشش کی اللہ تعالی نے ان کے ہاتھ میں کسی کے لئے خیر نہیں رکھی تو کم ازکم منہ ہی بند کر لیں تاکہ مزید رسوائی سے بچ سکیں
۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ وزیراعظم کی نالائقی اور نااہلی کا کیا علاج ہے؟ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ٹماٹر کی قیمت ڈالر سے زیادہ کیوں ہے؟ حکومت کو شرم آنی چاہیے کہ وہ ٹماٹر ڈالر سے مہنگا ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ایک سال میں میں تاریخی 11 ہزار ارب سے زیادہ قرضہ کیوں لیا؟ کابینہ کو غور کرنا چاہیے کہ ایک سال میں ترقی کی شرح آدھی اور مہنگائی 14فیصد کیوں ہوئی؟ کابینہ غورکرے کہ گیس کی قیمت 200 فیصد اور بجلی کی قیمت 50 فیصد بند کیوں بڑھائی؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ غورکرے کہ پاکستان میں آج روٹی، روزگار، کاروبار، دوکان، فیکٹری اور صنعت کیوں بند ہے ؟ کابینہ غور کرے کہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر حکومت کب دے گی؟ کابینہ غور کرے کہ اس نے قوم کے ساتھ اتنے جھوٹ کیوں بولے؟ مریم اورنگزیب نے کہا کہ کابینہ غور کرےکہ قوم مہنگائی، بے روزگاری اور بدترین معاشی حالات سے دوچار ہے اور نااہل وزیراعظم چھٹی پر چلے گئے ہیں کابینہ غورکرے کہ الیکشن کمیشن میں فارن فنڈنگ چوری کے کیس میں جواب کیا دینا ہے؟ انہوں نے کہا کہ22 کروڑ عوام کی دعاؤں کے سائے میں منگل کو محمد نواز شریف کو بیرون ملک علاج کے لیے الوداع کہیں گے۔

انشاءاللہ محمد نواز شریف کے صحت یاب ہونے کے بعد وطن واپسی پر ان کا شاندار استقبال کریں گے۔ حکومت محمد نواز شریف اور شہباز شریف سے حسد کے بجائے عوام کی خدمت پر توجہ دے۔