Live Updates

نواز شریف نے سیاسی جانشین کا انتخاب کر لیا

ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف نے جنید صفدر اعوان کو بطور سیاسی جانشین انتخاب کر لیا،۔سیاسی تربیت بھی شروع کر دی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 13 جنوری 2020 10:50

نواز شریف نے سیاسی جانشین کا انتخاب کر لیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 جنوری 2019ء) سابق وزیراعظم نواز شریف نے سیاسی جانشین کا انتخاب کر لیا ہے،انہوں نے جنید صفدر اعوان کو سیاسی جانشین چن لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد نواز شریف پاناما کیس میں نا اہلی کے بعد وزارتِ عظمیٰ اور پارٹی قیادت سے علحیدگی کے بعد عملی طور پر سیاست میں غیر فعال ہیں۔ان کی جگہ پارٹی کی باگ دوڑ صاحبزادی مریم نواز نے سنبھالے رکھی۔

تاہم اب نواز شریف نے اپنے نواسے جنید صفدر کا بطور سیاسی جانشین انتخاب کر لیا ہے۔جنید صفدر اعوان کی سیاسی تربیت بھی شروع کر دی گئی ہے۔زرائع کے مطابق میاں نواز شریف جب لندن پہنچے تو ان کی سیاست سے متعلق تمام فریقین اٹھ چکے تھے۔نواز شریف کے خیال میں ان کی غیر موجودگی میں ان کی بیٹی مریم نواز کو فیملی ہی نہیں چلنے دے گی جب کہ حمزہ شہباز شریف اور مریم نواز کے درمیان اختلافات کا امکان بھی تھا جس کے باعث انہوں نے جنید صفدر اعوان کو اپنا سیاسی جانشین منتخب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یہ خبریں تو گذشتہ سال سے سامنے آ رہی تھیں کہ مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور صفدر اعوان کے صاحبزادے جنید صفدر اعوان نے بھی باقاعدہ طورپر سیاست میں آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے جنید صفدر نے گذشتہ سال جاتی امرا میں ن لیگ کے کارکنان سے ملاقاتیں بھی کیں تھیں ۔ گذشتہ سال ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ  ن لیگی کارکنوں نے جنید صفدر کی بڑی بڑی تصاویر اورفلیکسز جاتی امرا کے باہر لگائی تھیں ۔

ن لیگی زرائع کے مطابق جنید صفدر کی سیاسی تربیت نواز شریف نے کی اور اس مقصد کے لیے وہ جنید صفدر کو اپنے ساتھ سیاسی جلسوں میں بھی لے کر جاتے تھے۔تاہم اس کے بعد ن لیگ کے سیاسی حالات بدلتے گئے۔نواز شریف اور مریم نواز کو سزا سنا دی گئی تھی۔ بعدازاں نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت منظور کی گئی تاہم نواز شریف سخت بیمار ہو گئے۔البتہ اب ایک بار پھر جنید صفدر اعوان کے عملی سیاست میں قدم رکھنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔

اس حوالے سے سنٹرل انفارمیشن سیکرٹری مسلم لیگ ن یوتھ پاکستان علی خان یوسفزئی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مریم نواز شریف اور کیپٹن صفدر اعوان کے فرزند محمد جنید صفدر اعوان کو این اے 14 مانسہرہ اور پی کے 33 سے امیدوار لانے کے لیے مشاورت اور صلاح مشورہ جاری ہے۔ زرائع کا کہنا ہے کہ محمد جنید صفدر نے حال ہی میں برطانیہ سے انٹر نیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات