ناگا لینڈ ، آسام ، خالصتان ، منی پور اور حیدرآباد سے اٹھنے والی آوازیں ٹکڑے ٹکڑے ہندوستان کی تحریک کا پیش خیمہ ثابت ہونگی،مشتاق احمد منہاس

آزادکشمیر پر حملہ کرنے کی گیدڑ بھبھکیاں دینے والے بھارتی آرمی چیف اپنے گھر کی خیر منائیں ، وہ وقت دور نہیں جب ہندوستان ہندوتوا کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہو جائیگا، بیان

جمعرات 16 جنوری 2020 00:02

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2020ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات، سیاحت ، کھیل و امور نوجواناں راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ ناگا لینڈ ، آسام ، خالصتان ، منی پور اور حیدرآباد سے اٹھنے والی آوازیں ٹکڑے ٹکڑے ہندوستان کی تحریک کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی ۔ آزادکشمیر پر حملہ کرنے کی گیدڑ بھبھکیاں دینے والے بھارتی آرمی چیف اپنے گھر کی خیر منائیں ۔

وہ وقت دور نہیں جب ہندوستان ہندوتوا کی لپیٹ میں آکر خاکستر ہو جائے گا۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر پاکستان کا دفاعی حصار ہے ۔ 1947کے جذبے سے ریاست کے چپے چپے کی حفاظت کریں گے ۔ انتہاء پسند بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے انتہاء پسندانہ نظریے کے نتیجے میں 5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کی تمام سیاسی قیادت یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہو چکی ہے ۔

(جاری ہے)

72سال بعد ثابت ہوا کہ جناح کا دو قومی نظریہ درست اور ہندونواز بیانیہ غلط تھا۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ اندرون ہندوستان رہنے والے مسلمان رہنے والے بھی مودی کے عزائم کی وجہ سے خوف کی کیفیت میں مبتلا ہیں ۔ اندرون ہندوستان سے بھی اب آزادی کی آوازیں اٹھ رہی ہیں ۔ مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں رہنے والی دیگر اقلیتوں کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ہندوستان کے مسلمان قائد اعظم کی سوچ اور دور اندیشی کو تسلیم کرتے ہوئے ان کے نظریے کو تسلیم کررہے ہیں ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ وہ وقت دور نہیں جب ہندوستان کے ٹکڑے ٹکڑے ہوں گے ۔