بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا

صوبے کے کچھ علاقوں میں 20تا 22جنوری تک شدید برفباری اور بارش ہوگی، رواں برس موسم سرما طویل بھی ہو سکتا ہے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 18 جنوری 2020 21:53

بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جنوری2020ء) بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ داخل ہوگیا، صوبے کے کچھ علاقوں میں 20تا 22جنوری تک شدید برفباری اور بارش ہوگی، رواں برس موسم سرما طویل بھی ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ بارشوں اور برفباری کا نیا سلسلہ صوبہ بلوچستان میں داخل ہو گیا ہے۔ اس نئے سلسلے کے باعث بلوچستان کے کچھ علاقوں میں 20 تا 22 جنوری طوفانی بارشیں اور برفباری ہوگی۔

بارشوں اور برفباری کے اس نئے سلسلے کے باعث صوبے میں صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد و خشک رہے گا جبکہ شمالی علاقہ جات اور شمالی بلوچستان کے اضلاع میں موسم شدید سرد رہے گا تاہم کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں رات کے اوقات میں دھند پڑنے کی بھی توقع ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی 20،استور، کالام میںمنفی 15،گوپس میںمنفی 14،قلات،بگروٹ میںمنفی 12،کوئٹہ میںمنفی 09،پا را چنار میں منفی 08،گلگت،دیر میں منفی 06،ما لم جبہ،دالبند ین،چترال میں منفی 05، ژوب اور دروش میں منفی 04ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ملک میں جاری سردی کی شدید لہر مزید کچھ ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔ جبکہ ماہرین کی جانب سے کہا جا رہا ہے کہ ملک میں جاری سردی کی موجودہ لہر کو دیکھتے ہوئے یوں معلوم ہوتا ہے کہ اس مرتبہ سردی کا موسم گزشتہ برسوں کے مقابلے میں قدرے طویل ہو سکتا ہے۔ امکان ہے کہ رواں برس گرمی کا موسم کچھ تاخیر سے شروع ہوگا۔