ملک میں کل جمعرات سے ہفتہ تک بارشوں کی پیش گوئی

بدھ 26 فروری 2020 16:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) محکمہ موسمیات نے کل جمعرات سے ہفتے کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، تیز ہوائیں اور ڑالہ باری کی پیش گوئی کی ہے۔بارش سے راولپنڈی میں جمعے اور ہفتے کو پی ایس ایل میچز بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ جمعرات کی شام کو ملک میں داخل ہوگا، جس سے جمعہ اورہفتہ کو اسلام آباد ، راولپنڈی ، جہلم اور سرگودھا میں بارش کے ساتھ ڑالہ باری کا امکان ہے، ان ہی دنوں میں پشاور، چترال، سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، صوابی، مردان اور کوہاٹ میں بھی بارش ہوگی جبکہ بنوں، ڈی آئی خان میں چند مقامات پر ڑالہ باری کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی کہ میانوالی ، خوشاب ، فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، ساہیوال، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، منڈی بہائوالدین میں بھی تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جمعے کو ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور اور بہاولنگر میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی، اسی طرح کوئٹہ، پشین، ژوب، چمن اور قلعہ سیف اللہ میں گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، تاہم جمعرات سے ہفتے تک سندھ میں موسم خشک رہے گا، لیکن سکھر، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔