بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کی میڈیا کے کردار پر دو روزہ عالمی کانفرنس اختتام پذیر ہو گیا

بدھ 26 فروری 2020 17:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2020ء) بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے ڈپارٹمنٹ آف میڈیا اسٹڈیز کے زیرِ اہتمام منعقدہ ہونے والی دو روزہ عالمی کانفرنس گزشتہ روز اختتام پذیر ہوگئی۔ تخیفِ غربت اور سماجی انصاف کے فروغ میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس میں چھ ورکنگ سیشنز اور گیارہ متوازی سیشنز ہوئے جن میں ملک بھی سے شرکت کرنے والے ماہرینِ تعلیم اور ابلاغیات نے ستر سے زائد تحقیقی مقالے پیش کئے۔

کانفرس کا افتتاح سندھ کے صوبائی وزیرِ تعلیم وانسانی وسائل سعید غنی نے کیا جبکہ اختتامی اجلاس سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے خطاب کیا۔ بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل (ر) کلیم شوکت ہلال امتیاز( ملٹری)، پاکستان کے عظیم دانشور جاوید جبار، چارلس یونیورسٹی جہموریہ چیک کے ماہر ابلاغیات پروفیسر ڈاکٹر نکو کارپینٹئر کے علاوہ ایم کیپ کی صدر ڈاکٹر بشری حمیدالرحمن نے پہلے روز خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ تخیف غربت اور سماجی انصاف کے فروغ میں میڈیا اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ کانفرنس کے دوسرے روز گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کو فروغ دینے کے لئے میڈیا کو سنسنی پھیلانے کی بجائے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ منگل کے روز روزنامہ ڈان اسلام آباد کے ریزیڈنٹ ایڈیٹر فہد حسین، ایم کیپ کی نائب صدر ڈاکٹر عابدہ اشرف، پنجاب یونیورسٹی انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر اسٹڈیز کے فہد محمود، فاطمہ جناح یونیورسٹی کی ڈاکٹر سعدیہ اشتیاق، نیٹ سول ٹیکنالوجی کے سربراہ سلیم غوری، اقوام متحدہ کے کنسلٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمر سیف، اقتصادی تجزیہ نگار مزمل اسلم، ریحان علی مرچنٹ، ڈاکٹر محمد علی شیخ، اظہر عباس، نعمان نبی احمد اور سعد ہاشمی کے علاوہ مالمو یونیورسٹی سویڈن کی پروفیسر ڈاکٹر پیلے پرولمان وینگر فیلڈ اور بحریہ یونیورسٹی کراچی کیمپس کے ڈائریکٹر جنرل ریئر ایڈمرل (ر) مختار خان ہلال امتیاز ( ملڑی) نے بھی خطاب کیا۔

کانفرس کے اختتامی سیشنز کے دوران قومی اہمیت کے حامل موضوعات پر غور کیا گیا ۔ان موضوعات میں سی پیک بطور گیم چینجر، صنفی توازن، سماجی عدم توازن، انفارمیشن ٹیکنالوجی،اقتصادی بحران کی خبر نگاری، میڈیا اخلاقیات اور میڈیا کی تعلیم کے علاوہ معیاری انسانی وسائل کی فراہمی میں میڈیا کے کردار کے بارے میں ماہرینِ ابلاغیات اور میڈیا انڈسٹری کے ماہرین کے اپنے خیالات کا اظہار کیا ۔ اس کانفرنس کے ذریعے پالیسی سازوں، قانون سازی کرنے والوں، ماہرینِ تعلیم اور میڈیا انڈسٹری کے علاوہ ترقیاتی شعبے سے تعلق رکھنے والے ماہرین کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا تاکہ پاکستانی معاشرے کو لاحق مختلف مسائل پر مباحثہ کے ذریعے ان کا حل تلاش کیا جائے ۔