ہندوستان میں ایک دہشتگرد ہندو انتہاء پسند تنظیم کی حکومت جسکی بنیاد مسلمانوں کیخلاف نفرت سے بھری ہوئی ہے ،راجہ محمد فاروق حیدر

مودی نے فاشسٹ اور ہندودہشتگردوں کے ذریے دہلی میں معصوم مسلمانوں پرمظالم ڈھا کر انہیں متنازعہ شہریت بل کی مخالفت کرنے کی سزادی،ہندوستان بہت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو گا جس کیلئے ہمیں تیار رہنا ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

اتوار 1 مارچ 2020 19:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2020ء) وزیر اعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ ہندوستان میں ایک دہشتگرد ہندو انتہاء پسند تنظیم کی حکومت ہے جس کی بنیاد مسلمانوں کے خلاف نفرت سے بھری ہوئی ہے ۔ نریندر مودی نے فاشسٹ اور ہندودہشتگردوں کے ذریے دہلی میں معصوم مسلمانوں پرمظالم ڈھا کر انہیں متنازعہ شہریت بل کی مخالفت کرنے کی سزادی۔

ہندوستان بہت جلد ٹکڑے ٹکڑے ہو گا جس کیلئے ہمیں تیار رہنا ہے ۔ ہندوستان میں بی جے پی کے غنڈے چن چن کومسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں۔ یہ وہ نظریہ ہے جس کا مقابلہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر اور ہندوستان کے مسلم اکثریتی علاقوں میں بے بنیاد الزامات لگا کر مسلمانوں کو تشدد کرکے قتل کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

مودی سرکار کی ایما پر ہندو دہشتگردوں نے جس دیدہ دلیری کے ساتھ مسلم کش فسادات کے سلسلے شروع کیے ہیں اس سے جعلی جمہوریت کا پردہ دنیا کے سامنے چاک ہو گیا ہے اور مودی کا اصل چہرہ سامنے آیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بھارت میں انتہا پسند ہندوئوں کی جانب سے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو سیاسی ، مذہبی، سماجی ، ثقافتی اور معاشرتی مسائل اور پابندیوں کا سامنا ہے، ہندواتوا کی آئیڈیالوجی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے مودی سرکار نے متنازعہ شہریت کا بل لایا اور پھر اپنی سرپرستی میں مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت میں انتہا پسند ہندوئوں کی جارحیت رکوانے کے لئے عالمی سطح پر آواز یں بلند نہیں ہو رہی جو کہ لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ انتہاء پسند ہندئوتنظیموں کے کارکنوں نے مسلم اکثریتی علاقوں میں بربریت کا مظاہرہ کر تے ہوئے سینکڑوں افراد کو شہید ، جبکہ مسلمانوں کی املاک پر بے دریغ حملے کرکے انہیں تباہ کرنے اور مساجد تک پر حملے کیے ۔

وزیر اعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ سات دہائیوں سے ظلم کی چکی میںپس رہے ہیں،مقبوضہ کشمیر میں 5اگست کے بعد مکمل ڈائون اورقابض بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں ۔انہوںنے کہاکہ عالمی طاقتیں اور اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں پر مظالم ، انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور مسلمانوں کے بہیمانہ قتل عام کا نوٹس لیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا بنیادی حق دلوالنے کیلئے کردار ادا کریں تاکہ دنیا بھر میں پائیدار امن کا قیام عمل میں آسکے۔