مقبوضہ کشمیر‘ ہزاروں کشمیری نظربندوں میں 750پر کالا قانو ن پی ایس اے لاگو کیاگیا

بھارت کشمیرمیں 6ہزار ایکڑ اراضی آر ایس ایس کے غنڈوں کو الاٹ کرے گا

جمعہ 6 مارچ 2020 18:14

سرینگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2020ء) مقبوضہ کشمیرمیں قابض انتظامیہ نے تین اورکشمیری نوجوانوںپر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کردیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے کشمیری نوجوانوں نثار احمد راتھر ، مبارک احمد ڈار اور فہیم احمدصوفی پر کالاقانون لاگو کیا ہے ۔ نثار احمد راتھر کو جموںکی کوٹ بھلوال جیل جبکہ مبارک ڈار اور فہیم صوفی کو ضلع اسلام آباد کی مٹن سب جیل میں نظربند کیا گیا ہے۔

بھارت اور مقبوضہ کشمیر کی مختلف جیلوں میں ہزاروں کشمیری مسلسل نظربند ہیں، جن میں سے بیشتر کو گزشتہ سال 5اگست کو بھارت کی طرف سے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد اور مسلسل فوجی محاصرے کے دوران گرفتارکیاگیاتھا۔ 750سے زائد کشمیری نظربندوںپر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیاگیا ہے جن میں کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم ، امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر عبدالحمید فیاض، جمعیت اہلحدیث کے رہنماء مولانا مشتاق احمد ویری اور حریت رہنماء مسرت عالم بٹ ، آسیہ اندرابی ، غلام احمد گلزار ، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، قاضی یاسر احمد ، مولانا سرجان برکاتی ، محمد یاسین عطائی اور تاجر رہنماء محمد یاسین خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے گزشتہ رات ضلع پلوامہ کے علاقے منگہامہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران ایک نوجوان وسیم بشیر کو گرفتار کر لیا ۔ گرفتار نوجوان کو مجاہدین کا کارندہ قرار دیا گیا۔سرینگر میں باوثوق ذرائع نے راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے غنڈوںکو سرمایہ کاری کے نام پر چھ ہزار ایکڑ اراضی دینے کے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ایک مذموم منصوبے کا انکشاف کیا ہے جسکا بنیادی مقصد مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنا ہے۔

مودی حکومت نے ہندو سرمایہ کاروں کو ایک روپے فی کنال کے حساب سے 20ہزار کنال ارضی دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہیں مختلف صنعتوں کے قیام کیلئے یہ اراضی مقبوضہ وادی کے اٹھارہ مقامات پر دی جائے گی۔ یادرہے کہ گزشتہ برس 5اگست سے دو ہزار کشمیری تاجروں کو بنکوں کے ذریعے اپنی زمینوں سے محروم کیا گیا جبکہ تاجر برادری کو 2.5ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے قائم مقام چیئرمین عبدالحمید بٹ نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف ضلع پلوامہ کے علاقے ہاکری پورہ سے باپ بیٹی کی گرفتاری پر شدید تشویش کا اظہارکیا۔ادھر بین الاقوامی مذہبی آزادی کے بارے میں امریکی کمیشن مذہبی آزادی کے حوالے سے بھارت کے درجے میںتنزلی پر غور کر رہا ہے ۔یہ غور واشنگٹن میں قائم جمہوریت پسند تھنک ٹینک فریڈم ہائوس کی سالانہ رپورٹ میں 25زیادہ گنجان آباد جمہوری ممالک میں بھارت کے سیاسی حقوق اور شہر ی آزادیوں کے سکور میں نمایاں کمی کے بعد کیاجارہا ہے ۔

بھارت میںسیاسی حقوق اور شہری آزادیوں پر پابندی کومودی حکومت کی طرف سے جمہوری اقدار کی تشویشناک حد تک پامالی سے جوڑا گیا ہے ۔ بھارت نے کشمیر کی حیثیت کو بھی ’’جزوی طور پر آزاد ‘‘سے’’غیر آزاد ‘‘کردیا ہے ۔