ڈالر کی قیمت بے قابو، 2 روپے سے زائد کا مزید اضافہ ہو گیا

پیر کے روز انٹربینک اور اوپن دونوں مارکیٹوں میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 2 روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 9 مارچ 2020 19:32

ڈالر کی قیمت بے قابو، 2 روپے سے زائد کا مزید اضافہ ہو گیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 مارچ 2020ء) ڈالر کی قیمت بے قابو، 2 روپے سے زائد کا مزید اضافہ ہو گیا، پیر کے روز انٹربینک اور اوپن دونوں مارکیٹوں میں امریکی کرنسی کی قیمت میں 2 روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں پیر کے روز امریکی کرنسی ڈالر کی قیمت بے قابو ہوگئی۔ جہاں ایک جانب اسٹاک مارکیٹ کریش کی، وہیں کرنسی مارکیٹ میں یکدم ڈالر کی قیمت میں 2 روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ انٹربینک اور اوپن دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قیمت میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر بالترتیب 2 روپے 33 پیسے اور دو روپے 70 پیسے مہنگا ہوگیا۔

(جاری ہے)

انٹر بینک میں امریکی ڈالر 2 روپے 33 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد ایک امریکی ڈالر روپے کے مقابلے میں 156 روپے 58 پیسے کی سطح پر پہنچ گیا۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی امریکی کرنسی 2 روپے 70 پیسے مہنگی ہو گئی، جس کے بعد ایک امریکی ڈالر 157 روپے کا ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس خدشات کے باعث دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹیں شدید مندی کا شکار ہیں، جس کے اثرات پاکستان کی معیشت پر بھی پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔ پاکستان کی اسٹاک مارکیٹ بھی شدید مندی کا شکار ہے، جبکہ اب کرنسی مارکیٹ پر بھی منفی اثرات پڑنا شروع ہوگئے ہیں۔