Live Updates

پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سے سینکڑوں دیہات متاثر

ملتان، رحیم یار خان، راجن پور اور وہاڑی کے دیہی علاقوں میں تباہی، علی پور پورا ڈوب گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 14 ستمبر 2025 12:20

پنجاب کے دریاؤں میں سیلابی صورتحال سے سینکڑوں دیہات متاثر
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 ستمبر2025ء) پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے دریائے راوی، ستلج اور چناب میں سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی گئی، دریاؤں میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث 47 سو سے زائد دیہات متاثر ہوئے۔ ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دریائے چناب میں سیلاب کے باعث مجموعی طور پر2 ہزار 475 موضع جات متاثر ہوئے، دریائے ستلج میں سیلاب کے باعث 715 موضع جات متاثر ہوئے، دریائے راوی میں سیلاب کے باعث مجموعی طور پر1 ہزار 458 موضع جات میں تباہی ہوئی، دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے باعث مجموعی طور پر45 لاکھ 74 ہزار لوگ متاثر ہوئے، سیلاب میں پھنس جانے والے25 لاکھ 16 ہزار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ شدید سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں372 ریلیف کیمپس قائم کیے گئے ہیں، سیلاب سے متاثر ہونے والے اضلاع میں 459 میڈیکل کیمپس بھی قائم کیے گئے، مویشیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے391 ویٹرنری کیمپس قائم کیے ہیں، متاثرہ اضلاع میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں میں 20 لاکھ 20 ہزار جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریلیف کمشنر کا کہنا کہ منگلا ڈیم 93 فیصد، تربیلا ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے، دریائے ستلج پر موجود انڈین بھاکڑا ڈیم 88 فیصد تک بھر چکا ہے، پونگ ڈیم 94 فیصد، تھین ڈیم 88 فیصد تک بھر چکا ہے، حالیہ سیلاب سے مختلف حادثات میں 104 شہری جاں بحق ہوئے، وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا، وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر سینئر وزیر مریم اورنگ زیب علی پور اور سیت پور پہنچ گئی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں سیلابی صورتحال برقرار ہے جس کی وجہ سے شجاع آباد ، رحیم یار خان، احمد پور شرقیہ ، راجن پور اور وہاڑی کے مزید سیکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے، اوچ شریف اور احمد پور شرقیہ کے 36 موضع جات کے اڑھائی لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ، اوچ شریف میں مکانات اور دیواریں منہدم ہو گئیں، ہزاروں ایکڑ رقبہ پر کھڑی فصلیں ڈوب گئیں ، 20 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ تاحال منقطع ہیں، سیلاب میں پھنسے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ چناب کے سیلاب سے ضلع مظفرگڑھ کے 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، ضلع کا 2 لاکھ 9 ہزار ایکڑ زرعی رقبہ زیرآب آیا اور فصلیں تباہ ہوئیں،تحصیل مظفرگڑھ کے 105،تحصیل علی پور کے 26 اور تحصیل جتوئی کے 16 موضع جات متاثر ہوئے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگ زیب نے بتایا کہ علی پور پورا ڈوب گیا ہے، بہت بڑا نقصان ہوا ہے، سیلاب سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کا کام شروع کردیا گیا، سیت پور کے سیلاب متاثرین کو کھانا، خشک راشن اور دیگر امدادی سامان پہنچ رہا ہے، ٹینٹ بھی پہنچا رہے ہیں، مجھے وزیراعلیٰ مریم نواز نے آپ کی تکلیف میں آپ کے پاس بھیجا ہے ، سیلاب متاثرین کے نقصان کو پورا کریں گے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ضلعی انتظامیہ کو ہر سیلاب متاثرہ فرد کے نقصان کا تعین کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات