ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل کی گرفتاری کی خبر کا ڈراپ سین، معاملے نے ڈرامائی رخ اختیار کر لیا

پنجاب پولیس کی جانب سے مفرور پولیس افسر کی گرفتاری کی خبر کی تصدیق کرنے سے گریز، کچھ روز قبل بھی گرفتاری کی خبر سامنے آئی تھی

muhammad ali محمد علی پیر 9 مارچ 2020 23:14

ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل کی گرفتاری کی خبر کا ڈراپ سین، معاملے نے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مارچ 2020ء) ایس ایس پی لاہور مفخر عدیل کی گرفتاری کی خبر کا ڈراپ سین، معاملے نے ڈرامائی رخ اختیار کر لیا، پنجاب پولیس کی جانب سے مفرور پولیس افسر کی گرفتاری کی خبر کی تصدیق کرنے سے گریز، کچھ روز قبل بھی گرفتاری کی خبر سامنے آئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کی جانب سے مفرور پولیس افسر مفخر عدیل کی گرفتاری کی خبر کی تصدیق کیے جانے سے گریز کیا جا رہا ہے۔

پیر کی شام کو خبر سامنے آئی تھی کہ ایک ماہ سے مفرور ایس ایس پی لاہور پولیس مفخر عدیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا کہ گزشتہ شب مفرور ایس ایس پی لاہور نے خود ہی پولیس کو گرفتاری دے دی۔ تاہم پنجاب پولیس نے متعدد مرتبہ رابطہ کیے جانے کے باوجود مفخر عدیل کی گرفتاری کی تصدیق نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ ایس ایس پی مفخر عدیل پر اپنے بہترین دوست شہباز احمد تتلہ کو قتل کرنے کا الزام ہے۔

تاہم شہباز تتلہ کی لاش بھی تاحال تلاش نہیں کی جا سکی۔ کچھ روز قبل خبر سامنے آئی تھی کہ مفخر عدیل کو بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں کراچی سے گرفتار کر لیا گیا تھا، تاہم یہ خبر بھی غلط ثابت ہوئی تھی۔ مفرور ایس ایس پی مفخر عدیل اور اس کے دوست شہباز تتلہ کے ایک ماہ قبل اغوا ہونے کی خبر سامنے آئے تھی جس کے بعد پولیس نے ہنگامی بنیادوں پر ان کی تلاش کا آپریشن شروع کیا۔

بعد ازاں پھر انکشاف ہوا ہے کہ مفخر عدیل اغوا نہیں بلکہ مفرور ہیں، اور ان کے دوست شہباز تتلہ کو قتل کیا جا چکا۔ ایس ایس پی مفخر عدیل کے قریبی دوست اسد بھٹی اور دیگر نے پولیس کی حراست میں تفتیش کے دوران انکشاف کیا کہ لاپتہ ایس ایس پی نے ہی اپنے دوست شہباز تتلہ کو قتل کیا اور بعد ازاں کمال چالاکی سے تمام شواہد بھی مٹا دیے۔ مفخر عدیل اپنی اہلیہ کے ملازم عرفان سے قسطوں میں تیزاب منگواتا رہا اور اس نے دھول اڑانے کے لئے مٹی بھی منگوائی۔

مزید انکشاف ہوا کہ مفخر عدیل نے سی ایس ایس اکیڈمی بھی کھول رکھی تھی جس کی آڑ میں شراب نوشی اور ناچ گانے کی محفلوں کا انعقاد کیا جاتا تھا۔ مفخر عدیل نوجوان لڑکیوں کو بلیک میل کرنے میں بھی ملوث تھا، جبکہ اس نے تین شادیاں بھی کر رکھی تھیں۔ پنجاب پولیس پچھلے ایک ماہ سے مفرور پولیس افسر کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی ہے، اب اس کی گرفتاری کی خبر بھی سامنے آئی ہے، تاہم اس خبر کی تصدیق نہیں کی جا رہی۔