کروناوائرس کے 65 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے،سعید غنی

جمعہ 20 مارچ 2020 20:58

کروناوائرس کے 65 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے،سعید غنی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 مارچ2020ء) سندھ کے وزیر اطلاعات اور وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ میں کروناوائرس کے 65 مریضوں کا تعلق کراچی سے ہے، چالیس ایسے مریض ہیں جن کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے، اگر عوام نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا تو حکومت لاک ڈاؤن کی طرف جائے گی۔میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری کرونا وائرس کی وبا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، اگر معاملے کی حساسیت کو نہ سمجھا گیا تو لاک ڈاؤن کی طرف جائیں گے جس سے عوام کو زیادہ مسائل پیش آسکتے ہیں۔

اٴْن کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے چین اور اٹلی کی مثالیں موجود ہیں، چین نے وبا آتے ہی شہروں کو لاک ڈاؤن کیا جس کے بعد وائرس پرکنٹرول کیا گیا، اسی طرح اٹلی کی حکومت نے اپنی عوام کو بھی بتایا مگر وہاں کے لوگوں نے معاملے کی حساسیت کو نہ سمجھا جس کی وجہ سے صورت حال خراب ہوئی۔

(جاری ہے)

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے اقدامات نہ کیے تو چیزیں ہاتھ سے نکل جائیں گی، ہم نے صوبے کے تعلیمی ادارے بند کیے تو لوگوں نے تفریح مقامات کا رخ کرلیا، میریبس میں ہو تو شہریوں کوزبردستی گھروں میں بندکردوں۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ایک خاتون شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے پہنچیں، جس کے بعد اٴْس گھر کے 12 افراد وائرس سے متاثر ہوئے، کراچی میں13 مارچ کو پہلامریض آیاجس کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں تھی۔سعید غنی کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کیا گیا تو شہریوں کو تکلیف ہوگی تاہم اگر یہی فیصلہ دو ماہ بعد کیا گیا تو عوام کو 100 گناہ زیادہ تکلیف کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اٴْن کا کہنا تھا کہ اب تک جو کیسز سندھ میں رپورٹ ہوئے اٴْن میں سے چالیس مریضوں نے متاثرہ ممالک کا سفر نہیں کیا بلکہ وائرس اٴْن میں مقامی سطح پر ہی منتقل ہوا، کرونا کی علامات چودہ روز میں ظاہر ہوجاتی ہیں، اگر کسی کو علامات ظاہر ہوں تو وہ ہیلپ لائن نمبر پر مطلع کرے ہماری ٹیمیں خود گھر پہنچیں گی۔سعید غنی نے ایک بار پھر شہریوں سے اپیل کی اور کہا کہ عوام معاملے کوسنجیدہ لیں کیونکہ یہ وقت وبا پر قابو پانے کیلئے بہت زیادہ اہم ہے، اگر حکومتی احکامات کی خلاف ورزی ہوئی اور عوام نے خود سے سنجیدگی کا مظاہر نہ کیا تو پھر آخری حل لاک ڈاؤن ہی ہے۔#