کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں قائم الخدمت ہسپتال، لیبارٹریز اورہزاروں رضاکارہمہ وقت تیار ہیں: محمد عبدالشکور، صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان

کوروناوائرس کی صورت حال کے پیش نظر اقدامات کے حوالے سے صدر الخدمت فاوٴنڈیشن محمد عبدالشکورکی پریس کانفرنس

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعہ 20 مارچ 2020 19:32

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ملک بھر میں قائم الخدمت ہسپتال، لیبارٹریز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مارچ2020ء) الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبدالشکورنے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوروناوائرس کی ملک گیر کشیدہ ہوتی صورت حال میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے ملک بھر میں قائم 26 ہسپتال، 3 بڑے ڈائیگناسٹک سنٹرز اورہزاروں رضاکارہمہ وقت تیار ہیں اور دیگر حکومتی اور رفاہی اداروں کے ساتھ ملکر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

اس سے پہلے الخدمت فاؤنڈیشن نے سندھ کے علاقے تھرپارکر میں قائم نعمت اللہ خان الخدمت تھر کمپلیکس کی خدمات سندھ حکومت کو پیش کیں جس کو اب سندھ حکومت کی جانب سے قرنطینہ سنٹر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ الخدمت کے رضاکارصورت حال سے متاثرہ مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کررہے ہیں۔اس کے ساتھ ساتھ الخدمت کے تمام دفاتر،ہسپتال اور یونٹس کو کورونا سے بچاؤ کے سینٹرز کے طور پر متعارف کروایا جارہا ہے تاکہ لوگ وہاں سے آگہی اور معلومات حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

آزمائش کی اس گھڑی میں تمام رفاہی تنظیموں کو بھی چاہیئے کہ ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوکر کام کریں،آگاہی مہم کے لئے بھرپور تشہیری مہم چلائیں،لوگوں توبہ استغفار کی ترغیب دیں اور جو غریب اور مستحق افراد اس سے متاثر ہوئے ہیں ان کوخوراک اور راشن کی فراہمی کا اہتمام کریں۔ میری عوام الناس سے بھی اپیل ہے کہ وہ محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں کیونکہ فی الوقت احتیاط ہی اس بیماری کا واحد حل ہے۔

اس موقع پر نیشنل ڈائریکٹر الخدمت ہیلتھ سروسز پروفیسر ڈاکٹر افضل، صدر الخدمت وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، صدر الخدمت لاہور عبدالعزیز عابد، ایم ڈی الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن سفیان احمد خان اور سیکرٹری جنرل پیما ڈاکٹر خبیب شاہد بھی ان کے ہمراہ تھے۔