وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش

ہفتہ 2 مئی 2020 21:02

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر کا سیز فائر لائن پر بھارتی فوج ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2020ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا ہے، پاک فوج کے اقدام سے کشمیری عوام کے حوصلے مزید بلند ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کووزیراعظم آزاد کشمیر میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کورونا وائرس کی آڑ لیکر مودی کشمیری نوجوانوں کو شہید کروا رہا ہے، بزدل ہندوستانی فوج پاک فوج کا مقابلہ نہیں کر سکتی، بزدل بھارتی فوج سیز فائر لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیز فائر لائن کے دونوں جانب بسنے والے کشمیری پاک فوج سے پیار کرتے ہیں، کشمیری عوام پاک فوج کو محافظ سمجھتے ہیں، پاک فوج کے منہ توڑ جواب سے بھارت بوکھلا گیا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے توجہ ہٹانے کیلئے سیز فائر لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ دنیا اب بھارت کے مکر و فریب کو جان چکی ہے، کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ہے۔