حریت فورم کی طرف سے اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت پیش

یادداشت میں سیکرٹری جنرل کی توجہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقو ق کی پامالیوں پر مبذول کرائی گئی

پیر 4 مئی 2020 18:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2020ء) میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے کنوینئر سید فیض نقشبندی نے سینئر ارکان سید اعجاز رحمانی ، زاہد صفی اور میاں مظفر احمد کے ہمراہ اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر میں ایک یادداشت پیش کی جس میں عالمی ادارے کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی توجہ کنٹرول لائن پربھارت کی بلا اشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی طرف مبذول کرائی گئی ہے ۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق یادداشت میں کہا گیا ہے کہ جب دنیا کو کورونا وائرس کی مہلک وباکا سامنا ہے ،مقبوضہ کشمیرمیںبھارتی فورسز کورونا وائرس کے نام پر جبری طورپر کشمیریوںکو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

یادداشت میں کہا گیا ہے کہ جعلی مقابلوں میں کشمیریوںکو شہید کیا جارہا ہے کیونکہ بھارت کورونا وائرس کے نام پر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشیُ جاری رکھے ہوئے ہے اور مقبوضہ علاقے نہتے کشمیریوںکا قتل عام رکوانے کیلئے اقوام متحدہ کی فوری توجہ مبذول کرائی گئی ہے ۔

یادداشت میں مزیدکہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں صحافت ایک جرم بن گیاہے اور کشمیری صحافیوں کو سوشل میڈیا پر اپنی تحریریں اور اپنا نکتہ نظر پیش کرنے پر جیلوں میں ڈال دیاجاتا ہے۔کشمیری صحافیوں گوہر گیلانی ، مسرت زہرہ ، پیرزادہ عاشق اور دیگر کو ہراساں کئے جانے سے بھارتی حکومت کی بوکھلاہٹ ظاہر ہوتی ہے۔اقوام متحدہ کے سربراہ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ میر واعظ عمر فاروق، سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں ، سیاسی نظربندوں ، وکلاء ، سماجی اور انسانی حقوق کے کارکنوں اور مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی مختلف جیلوں میں نظربند کشمیری نوجوانوں کی فوری رہائی کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

یادداشت میں مزیدکہا گیا کہ حریت رہنماء شبیر احمد شاہ ، محمد یاسین ملک ، آسیہ اندرابی ، مسرت عالم بٹ اور دیگر گنجائش سے زیادہ قیدیوں والی تہاڑ جیل اور دیگر بھارتی جیلوںمیں نظربند ہیں۔ انتونیو گوتریس سے کہاگیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں قوام متحدہ کا خصوصی نمائندہ مقرر کریں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کاجائزہ لینے کیلئے ایک فیکٹ فائنڈنگ مشن مقبوضہ علاقے بھیجیں۔ سکریٹری جنرل سے کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کیلئے کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر فوری عمل درآمد کا بھی مطالبہ کیاگیا ہے ۔