کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد طبیعت سنبھل چکی ہے،میاں افتخارحسین

بدھ 20 مئی 2020 22:39

کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد طبیعت سنبھل چکی ہے،میاں افتخارحسین
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2020ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انکی طبیعت سنبھل چکی ہے اور خود کو آئسولیٹ کردیا ہے۔ بھائی کے وفات اور جنازے کے بعد طبیعت انتہائی ناساز ہوگئی تھی جس کے بعد جنازے میں آنیوالوں اور دعا کیلئے کسی بھی فرد سے نہیں مل سکے۔

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے قرنطین میں ہی کارکنان اور سیاسی رہنمائوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، اپوزیشن لیڈر شہبازشریف، سربراہ جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان، وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز،سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، فرحت اللہ بابر، حامد الحق، امیرمقام، رحمان ملک، ندیم افضل چن اور حاجی غلام علی سمیت تمام سیاسی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے بھائی کی وفات پر تعزیت کیلئے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انکی خیریت بھی دریافت کی۔

(جاری ہے)

میاں افتخارحسین کا کہنا تھا کہ اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان، مرکزی سینئر نائب صدر امیرحیدرخان ہوتی اور صوبائی صدر ایمل ولی خان سمیت دیگر قیادت کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیتے ہوئے رابطہ کیا، تعزیت کی اور خیریت بھی دریافت کی۔ اسکے ساتھ ساتھ پاکستان سے باہر پارٹی کے تمام تنظیموں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں ملک سے باہر رہ کر بھی انہیں دعائوں میں یاد رکھا اور ٹیلیفونک رابطے کئے۔

بہت سے لوگوں نے رابطے کی کوشش کی لیکن طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے ان سے بات نہیں ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ بھائی کی وفات بلاشبہ ایک بہت بڑا صدمہ ہے لیکن اللہ تعالیٰ کو یہی منظور تھا اور اللہ تعالیٰ کی مرض کے سامنے کسی کی نہیں چل سکتی۔ جنازے میں ہی طبیعت ناساز ہوئی جسکے بعد دعا کیلئے رکنا ممکن نہیں تھا لیکن جنازے میں شرکت کرنے پرتمام دوستوں، پارٹی کارکنان اور مشران کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔