ن لیگی قیادت نواز شریف اور خودساختہ روپوش شہباز شریف کو بچانے کیلئے حکومت پر الزام تراشیوں میں لگی ہے،فیاض الحسن چوہان

جمعہ 29 مئی 2020 21:38

ن لیگی قیادت نواز شریف اور خودساختہ روپوش شہباز شریف کو بچانے کیلئے ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ترجمان ن لیگ کی جانب سے گرانفروشی سے متعلق تنقیدی بیانات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگی قیادت نواز شریف اور اپنے ڈرائنگ روم میں خودساختہ روپوش شہباز شریف کو بچانے کے لیے حکومت پر الزام تراشیوں میں لگی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آٹا چینی کمیشن کی رپورٹ ن لیگی قیادت کی سیاست پر کالا دھبہ بن کر سامنے آئی ہے۔

2017 میں جب عالمی منڈی میں چینی کی قیمت 100 ڈالر فی ٹن زائد تھی تو شاہد خاقان عباسی نے آلِ شریف کو خوش کرنے اور نوازنے کے لیے 20 ارب روپے کی صورت میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آلِ شریف منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور کرپشن کی صورت میں ٹی ٹی کی سیاست کر رہی ہے جبکہ ن لیگی ترجمان چیخنے چلانے اور دشنام طرازی کی صورت میں ٹاں ٹاں کی سیاست کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اطلاعات پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کرونا وائرس کے باعث مشکل حالات میں بھی عوام کو ریلیف دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوباز شریف سستی روٹی اور آٹا سبسڈی کے نام پر عوام کو اربوں کا چونا لگاتے رہے جبکہ حمزہ شہباز پولٹری مافیا کے ذریعے اپنی جیبیں بھرتے رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی دفعہ کسی تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ پبلک کی گئی ہے۔