مقبوضہ کشمیر، کل جماعتی حریت کانفرنس کا شہدائے شوپیان کو شاندار خراج عقیدت

منگل 9 جون 2020 16:18

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2020ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ضلع شوپیان میں شہیدہونے والے نوجوانوں کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نوجوان قوم و ملّت کا سرمایہ افتخار ہوتے ہیںجو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنی زندگی کے عیش و آرام کو اللہ کی رضا،آخرت کی سرخروئی اور اپنی مظلوم قوم کی عزت و آزادی کے لئے قربان کرتے ہیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ کشمیری مجاہدین نہایت مشکل صورتحال میں بھی انتہائی صبر و استقامت کے ساتھ میدان کارزار میں ڈٹے ہوئے ہیں اور اپنے کارناموں سے مظلوم قوم کا سرفخر سے بلند کررہے ہیں۔اٴْنہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر کے حریت پسند عوام مجاہدین جموں وکشمیر کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان ِ حریت نے کہا کہ ہم شوپیان میں شہید نے والے نوجوانوںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اٴْن کے اہل خانہ کے ساتھ حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور پوری حریت قیادت کی جانب سے تعزیت پٴْرسی،یکجہتی اور دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جموںو کشمیر کی مظلوم قوم اپنے لاکھوں شہداء کے مقدس خون اور قوم و ملّت کی عظیم و بے مثال قربانیوں کی امین و محافظ ہے اور حریت پسند عوام کا یہ عزم و عہد ہے کہ ہر قیمت پر قوم و ملّت کے لاکھوں شہداء کے مقدس خون کی حفاظت اور جدوجہد آزادی برائے حصول حق خوداردیت کی آبیاری کرتے رہیں گے اور جب تک جموں وکشمیر بھارت کے تسلط سے آزاد نہیں ہوگا تب تک کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیاجائے گااور ہر سطح پر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے اپیل کی کہ وہ جموں وکشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردوں کی روشنی میں تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لئے اپنی آئینی و اخلاقی ذمہ داریوں کو پورا کر یں تاکہ کشمیری عوام اقوام متحدہ کی نگرانی میں ایک آزادانہ رائے شماری کے ذریعے اپنے حق خوداردیت کا استعمال کرکے اپنی مرضی و منشاء کے مطابق ریاست جموں کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ترجمان نے اسلامی تعاون تنظیم اور دنیا کے انصاف و آزادی پسند ممالک سے بھی اپیل کی کہ وہ جموں کشمیر کے تنازعے کو حل کرنے اور لاکھوں بھارتی فورسز کے تسلط و تشدد سے جموںو کشمیر کے مظلوم عوام کو نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔