پولیس افسر شاہد علی اپنی ریٹائرمنٹ سے دو روز قبل جام شہادت نوش کرگئے

شاہد علی دو روز بعد یعنی یکم جولائی کو اپنی ملازمت سے ریٹائر ہونے والے تھے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنے

muhammad ali محمد علی پیر 29 جون 2020 22:30

پولیس افسر شاہد علی اپنی ریٹائرمنٹ سے دو روز قبل جام شہادت نوش کرگئے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 جون2020ء) پولیس افسر شاہد علی اپنی ریٹائرمنٹ سے دو روز قبل جام شہادت نوش کرگئے، شاہد علی دو روز بعد یعنی یکم جولائی کو اپنی ملازمت سے ریٹائر ہونے والے تھے، پاکستان اسٹاک ایکسچینج حملے میں دہشت گردوں کی گولیوں کا نشانہ بنے۔ تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکچینج پر پیر کے روز ہوئے حملے کے دوران دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہو جانے والے پولیس افسر شاہد علی 2 روز بعد ریٹائر ہونے والے تھے۔

شاہد علی کو یکم جولائی کو پولیس فورس کی نوکری سے ریٹائر ہونا تھا۔ تاہم وہ ریٹائرمنٹ سے قبل جام شہادت نوش کر گئے۔ بعد ازاں شہید ہونیوالے سب انسپکٹر محمد شاہد کی نماز جنازہ پولیس ہیڈ کوارٹرز گارڈن میں ادا کردی گئی ۔

(جاری ہے)

نمازجنازہ میں وزیر تعلیم سندھ سعید غنی، آئی جی سندھ مشتاق احمد مہر، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کے علاوہ پولیس اور رینجرز کے سینئر افسران شہید کے ورثاء اوراہلیان علاقہ نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

آئی جی سندھ نے شہید پولیس افیسر کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے محکمہ پولیس کے لیے شہید کی خدمات کوخراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اس موقع پر شہید کے ورثاء کے لیئے محکمہ پولیس سندھ کی جانب سے مروجہ مراعات دینے کا اعلان کیا اور متعلقہ پولیس افسران کوہدایات دیں کہ اس حوالے سے تمام تر ضروری قانونی دستاویزی امور کوجلد سے جلد مکمل کیا جائے۔

واضح رہے کہ پیر کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں حملہ آور دہشت گردوں کے داخلے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں چار دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ کراچی پولیس کے سب انسپکٹر شاہد دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ چار سیکورٹی گارڈ اور ایک شہری بھی شہید ہوا ہے۔ جوابی کاروائی میں تمام دہشت گرد مار دیے گئے۔