کورونا کے ساتھ ٹڈی دل کا حملہ پاکستان کیلئے بڑا چیلنج ہے، حکومت ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی،

ٹڈی دل سے بچائو کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی، وزیراعظم عمران خان کی نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے دورہ اور ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں گفتگو

جمعہ 10 جولائی 2020 17:14

کورونا کے ساتھ ٹڈی دل کا حملہ پاکستان کیلئے بڑا چیلنج ہے، حکومت ٹڈی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جولائی2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا کے ساتھ ٹڈی دل کا حملہ پاکستان کے لئے بڑا چیلنج ہے، حکومت ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی، ٹڈی دل سے بچائو کے لئے وفاقی و صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) کے دورہ کے دوران کیا۔

وزیراعظم کو اس موقع پر ٹڈی دل سے بچائو کے لئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مسلح افواج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات عاصم سلیم باجوہ، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سینئر افسران بھی موجود تھے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان، چیف سیکریٹری بلوچستان نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان کو بتایا گیا کہ لوکسٹ کنٹرول کے لئے نیشنل ایکشن پلان کا پہلا مرحلہ مکمل کیا جا چکا ہے۔ پاکستان آرمی کے انجینئر انچیف اور این ایل سی سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے ملک کے ٹڈی دل سے متاثرہ علاقوں میں ٹڈی دل پر کنٹرول کے لئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں وزیراعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم عمران خان کو قومی، صوبائی اور اضلاع کی سطح پر مانیٹرنگ، سروے اینڈ کنٹرول، اداروں کی سطح پر کوآرڈینیشن، وسائل مختص اور موبلائز کرنے اور آگاہی مہم کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹڈی دل کی مختلف ممالک میں نقل مکانی کے باعث اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) اور خطے کے متاثرہ ممالک کے ساتھ قریبی رابطہ استوار کیا گیا تاکہ اس سے بچائو کے لئے پیشگی اقدامات کئے جا سکیں۔ وزیراعظم نے ٹڈی دل پر قابو پانے کے لئے چین، جاپان اور برطانیہ کی طرف سے تکنیکی اور دیگر معاونت کی فراہمی کو سراہا۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ افریقہ سے ایران اور بھارت کے راستے بھی ٹڈی دل کے حملے کا خطرہ ہے جس سے نمٹنے کے لئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹڈی دل پر کنٹرول کرنے کے لئے نیشنل ایکشن پلان کے دوسرے مرحلے کی اصولی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ متاثرہ کسانوں کو اس پیکیج کے ذریعے معاوضہ دیا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ٹڈی دل کے حملہ پر قابو پانے اور مقامی طور پر تیار کئے گئے آلات کے استعمال کے ذریعے وفاقی و صوبائی حکومتوں بشمول پاکستان آرمی کی طرف سے بروقت اور مربوط کوششوں کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کووڈ 19 کے ساتھ ٹڈی دل کا حملہ پاکستان کے لئے بہت بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ملک کے غذائی تحفظ کا معاملہ ہے۔ حکومت اس مسئلہ سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اور کوششیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹڈی دل کے ممکنہ حملے سے بچائو کے لئے وفاقی، صوبائی حکومتوں اور اداروں کو مربوط قومی کوششیں کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فصلوں کو متاثر ہونے سے بچایا جا سکے۔