ایف بی آر نے جولائی میں 3 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کیں، گٹکا ، چھالیہ، خشک دودھ، سگریٹس، ایرانی ڈیزل، ٹائرز، نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیاں ، منشیات، کپٹرا، سونا اور غیر ملکی کرنسی شامل

جمعہ 31 جولائی 2020 00:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2020ء) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ماہ جولائی میں 3 ارب 80 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء کو ضبط کیا جن میں گٹکا ، چھالیہ، خشک دودھ، سگریٹس، ایرانی ڈیزل، ٹائرز، نان ڈیوٹی پیڈ گاڑیاں ، منشیات، کپٹرا، سونا اور غیر ملکی کرنسی شامل ہیں۔ ماہ جولائی میں ضبط ہونے والی سمگل شدہ اشیاء کی مالیت پچھلے سال جولائی 2019 کی سمگل شدہ اشیاء کی مالیت کی نسبت 143 فیصد زائد ہے۔

پچھلے سال 1ارب 56 کروڑ روپے مالیت کی سمگل شدہ اشیاء ضبط کی گئیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کسٹمزنے وزیر اعظم کی ہدایا ت کی روشنی میں اور نئے چئیرمین کی لیڈرشپ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں پولیس، فرنٹیر فورس، پاکستان رینجرز اور میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے تعاون سے پورے ملک باالخصوص کوئٹہ ، پشاور، کراچی، لاہور اور ملتان میں سمگلنگ کی روک تھام کے لئے آپریشنز تیز کر دئیے ہیں۔ ان آپریشنز میں سمگل شدہ اشیا ء کی فروخت و آمدورفت کو روکنا اور ذخیرہ کرنے والے گوداموں میں چھاپے شامل ہیں۔ پاکستان کسٹمز سمگلنگ کی روک تھام ، ملکی معاشی استحکام اور مقامی صنعت کے فروغ کے لئے ان آپریشنز کو جاری رکھے گی۔