بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو بھارتی ریاست کا حصہ بنانے کا غیر قانونی، مجرمانہ اقدام کیا جس کی مذمت کرتے ہیں، سردار مسعو خان

دنیا کی بہادر ترین قوم ، کشمیری قوم، کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو غاصبانہ قبضے اور دہشت گردی کے باوجود، ا پنی جدوجہد آزادی اور مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں ،پانچ اگست یوم استحصال کے حوالے سے صدر آزاد کشمیر کا پیغام

منگل 4 اگست 2020 21:38

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2020ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر مکمل قبضے اور محاصرے کے گزشتہ ایک سال کے دوران، بھارتیا جنتا پارٹی اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ نے مقبوضہ اور متنازعہ علاقے کو فوجی حملے اور عسکری کارروائیوں کے ذریعے ،بھارتی ریاست کا زبردستی حصہ بنانے کے لیے ،غیر قانونی اور مجرمانہ اقدامات کیے ہیں ۔

ہم ان تمام اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیںمحصور ریاست میں قتل عام ، نسل کشی اور جنگی جرائم کا بازار گرم کیا ہوا ہے ۔ بھارت کی یہ جرات کہ اُس نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو اپنے جعلی نقشوں میں بھارتی ریاست کا حصہ دکھایا ہے ۔ یہ خطے شہیددوں اور غازیوں کے لہو سے آزاد ہو ئے تھے ۔

(جاری ہے)

اس سال بھارت کی فسطائی حکومت نے ڈومیسائل قوانین کے تحت کشمیریوں سے اُن کی سکونت ، شہریت ،روزگار اور زمین کی ملکیت کے حقوق چھین لیے ۔

پچھلے دو ماہ میں ہندوستان بھر سے چالیس ہزار ہندووں کو لا کر کشمیر میں آباد کاری کی اجازت دی گئی ہے ، قابض فوجیوں اور بھارتی سرکاری افسروں اور اُن کے خاندانوں کو ایک منظم منصوبے کے تحت کشمیر میں آباد کیا جا رہا ہے ۔فی الحال اُن کی کل تعداد بیس لاکھ ہے ۔ ہدف یہ ہے کہ مقبوضہ وادی کی آبادی کے تناسب کو مستقل طور پر تبدیل کر دیا جائے ۔

ہم دنیا کی بہادر ترین قوم ، کشمیری قوم، کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کہ اس غاصبانہ قبضے اور دہشت گردی کے باوجود، ا پنی جدوجہد آزادی اور مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ آزاد کشمیر اور پاکستان کے لوگ، آپ کے ساتھ کھڑے ہیں ،اور آپ کی آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لیے ہر حد پار کریں گے ۔اس سال کے دورن ہم دنیا کے ذرائع ابلاغ ، غیر ملکی پارلیمانز ، بین الاقوامی سول سو سائٹی اور حقوق انسانی تنظیموں کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ اُنہوں نے کشمیریوں کے حقوق کے لیے موثر آواز بلند کی ۔

ہندوستان کے اقدامات کی کھل کر مذمت کی ۔ چین ، ترکی ، ملائیشیا ، ایران ، اسلامی تعاون تنظیم اور چند مغربی ممالک کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کھل کر ہمارا ساتھ دیا ۔ لیکن دنیا کی دیگر طاقتور اقوام کی حکومتوں نے کشمیر پر قبضے اور کشمیریوں کے حقوق کی پامالی پر لب کشائی نہیں کی جس کے باعث ہندوستان دیدہ دلیری سے کشمیر ی نوجوانوں کو قتل کر رہا ہے اور نہتے کشمیریوں سے فوجی طاقت کے ذریعے اُن سے اُن کا وطن چھین رہا ہے ۔

اہل جموں و کشمیر ، پاکستان اور اُن کے دنیا بھر میں حلیف ہندوستان کو بین الاقوامی کٹہرے میں کھڑا کریں گے ۔ اور اُس کے گھناونے جرائم کے لیے اُسے جوابدہ ٹھہرائیںگے ۔کشمیریوں نے بھی یہ قسم کھائی ہے کہ وہ بھارتی حملے کو پسپا کریں گے اور ہندو توا کی فسطائی عمارت کو گرا کر دم لیں گے ۔ پاکستان اور جموں و کشمیر کے ازلی اور اور ابدی رشتے میں کشمیریوں کی دو صدیوں کی تحریک آزادی کامیاب ہو گی ۔

اس سلسلے میں ہم بین الاقوامی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارا ساتھ دیں ورنہ جو آگ ہندوستان نے بھڑکائی وہ ساری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی ۔ اکیسویں صدی میں دن دھاڑے ایک نو آبادی کا قائم ہونا ایک اجتماعی جرم اور بین الاقوامی نظام کی ناکامی ہے، اِ س جرم کو جڑ سے اُکھاڑنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔ کشمیر ضرور آزاد ہو گا ۔ خدا ہماراحامی و ناصر ہو۔ آزاد کشمیر زندہ باد ، پاکستان پائندہ باد