پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے در کھول دیے، بیرونی سرمایہ کاروں کو تاریخی مراعات اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا یو کے پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام ورچوئل انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فورم سے خطاب

جمعہ 4 ستمبر 2020 17:20

پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے در کھول دیے، بیرونی سرمایہ کاروں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 ستمبر2020ء) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے در کھول دیے ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو تاریخی مراعات اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے کاروبار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں ،کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کے بعد پاکستان کی برآمدات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کی ضرورت ہے،سمندر پار مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے پاکستان میں ضلعی سطح پر اوورسیز کمیشن قائم ہیں اور خصوصی عدالتی ٹریبونلز بھی تشکیل دیے گئے ہیں، برطانیہ اور پاکستان میں باہمی تجارت کو ہر سطح پر فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے جس کے لیے حکومت نے سازگار ماحول فراہم کیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات یو کے پاکستان بزنس کونسل کے زیر اہتمام ورچوئل انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ فورم 20 ٹوئنٹی میںمہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر موڈریٹر کے فرائض کونسل کے جنرل سیکرٹری عطاالحق نے سر انجام دیے جبکہ فورم سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے سربراہ سردار تنویر الیاس خان،شفیق احمدشہزاد، میاں کاشف اشفاق،جاوید ملک،سلیم شیخ اورخورشیدبرلاس نے بھی خطاب کیا ۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے در کھول دیے ہیں اور بیرونی سرمایہ کاروں کو تاریخی مراعات اور سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری سے کاروبار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں ۔ پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین سردار تنویر الیاس خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات پر صوبائی حکومت نے ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے ہیں اور خصوصی اقتصادی زونز قائم کیے جا رہے ہیں ۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ اس وقت تک بے شمار عالمی کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے جس سے بڑے انڈسٹریل یونٹ قائم ہوں گے۔ یو کے پاکستان بزنس کونسل پاکستان کے صدر ایم خورشید برلاس نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سردار تنویر الیاس خان اور تمام دیگر شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس جذبے کے ساتھ کونسل کے فورم میں شرکت کی اور اہم معلومات سے آگاہ کیا ان کی روشنی میں پاکستان اور یو کے مابین اقتصادی روابط مضبوط ترہوں گے اور معاشی استحکام سے دونوں ملک کے تاجروں کو فائدہ حاصل ہوگا۔

میاں کاشف اشفاق نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے مہیا کی گئی سہولیات اور شروع کے منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ غیر کمپنیاں پاکستان کا رخ کر رہی ہیں یو کے پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین ایمبیسڈر جاوید ملک نے کہا کہ ہمارا مطمح نظر یہی ہے کہ پاکستان کی برآمدات میں ہر ممکن اضافہ کیا جائے اور اس مقصد کے لیے کونسل نے یہ پلیٹ فارم فراہم کیا ہے لندن برطانیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے ٹریڈ منسٹر محمد شفیق اے شہزاد نے کہا کہ بریگزٹ کے بعدپاکستان کے لیے برطانیہ میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے لاتعداد میں مواقع پیدا ہوں گے جن سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لئے سفارت خانے کی طرف سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی کونسل یوکے چیپٹر کے صدر سلیم شیخ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے کونسل کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس میں خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے اور انشاء اللہ ہم بہت جلد باہمی تجارت کے متوقع نتائج حاصل کر لیں گے۔