پی سی بی پر جو تنقید کرتا ہے اس کو نوکری دے دی جاتی ہے :عاقب جاوید

جن کا پاکستان کیلئے کوئی مستقبل نہیں، آپ نے انہیں فرسٹ الیون میں شامل کر لیا، نوجوان کھلاڑیوں کو آپ نے سیکنڈ الیون میں جگہ دی: سابق فاسٹ بائولر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 ستمبر 2020 14:28

پی سی بی پر جو تنقید کرتا ہے اس کو نوکری دے دی جاتی ہے :عاقب جاوید
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 ستمبر 2020ء ) سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ پی سی بی پر جو تنقید کرتا ہے اس کو نوکری دے دی جاتی ہے ،عمر گل پی سی بی کرکٹ کمیٹی کیساتھ ڈومیسٹک ٹیم کابھی حصہ ہیں ،جاوید میانداد نے پالیسیوں پر تنقید کی ،فیصل اقبال کو بلوچستان ٹیم کا ہیڈ کوچ بنا دیا گیا۔ 48 سالہ عاقب جاوید کاکہنا ہے کہ پی سی بی نوجوانوں کے بجائے عمررسیدہ کھلاڑیوں کو موقع دے رہا ہے،عمر گل، عمران فرحت، محمد طلحہ اور عمران خان جیسے کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر پاکستان کو کیا فائدہ دیںگے، جن کا پاکستان کیلئے کوئی مستقبل نہیں، آپ نے انہیں فرسٹ الیون میں شامل کر لیا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو آپ نے سیکنڈ الیون میں جگہ دی ہے۔

پی سی بی نے ہائی پرفارمنس سنٹر میں کوچز رکھ لئے لیکن کوئی پلان نظر نہیں آرہا ہے،انہوں نے کہاکہ مصباح پر تنقید کرنیوالے سلیکشن کمیٹی میں ہوںگے تو ہم آہنگی نہیں آ سکتی ،مصباح الحق کو وہ ٹیم دینی چاہئے جس پر وہ اعتماد کرسکیں ۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا ٹور ختم ہوتا ہے تو کوئی کوچ آسٹریلیا چلا جاتا ہے تو کوئی انگلینڈ چلا جاتا ہے، وقار یونس ڈومیسٹک کے بولرز کو نہیں دیکھیں گے تو وائٹ اور ریڈ بال میں کھلانے کا فیصلہ کیسے کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب اگر ہائی پرفارمنس سینٹر کی بات کریں تو وہاں بڑے بڑے نام کے کوچز آئے ہیں لیکن ہائی پرفارمنس سینٹر کے کوچز کیا کام کریں گے، کھلاڑی تو اب سب ڈومیسٹک کھیلنے جائیں گے۔عاقب جاوید نے کہا کہ کہا جاتا ہے کہ میں پی ایس ایل اور فرنچائز کا نام کیوں لیتا ہوں، پی ایس ایل اور فرنچائز کا نام اس لیے لینا پڑتا ہے کہ اس نے کھلاڑیوں کو شناخت دی، گزشتہ چار پانچ سالوں میں ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس سے صرف 10 فیصد کھلاڑیوں کو سیلیکٹ کیا گیا ہے، باقی کھلاڑی پی ایس ایل سے اوپر آئے اور انہوں نے نام اور شناخت بنائی اور اب آپ انہیں سیکنڈ الیون میں ڈال رہے ہیں تو کیا میں نشاندہی بھی نہ کروں۔