پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کو کراچی دشمن اور بجلی وگیس کے بحران کا ذمہ دار قرار دے دیا

ہم کراچی کے وارث ہم ہیں اس زیادتی پر اب خاموش نہیں رہیں گے،سعید غنی اور دیگر کا احتجاجی مظاہرے سے خطاب

منگل 29 ستمبر 2020 18:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 ستمبر2020ء) پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کو کراچی دشمن اور بجلی وگیس کے بحران کا ذمہ دار قرار دے دیا ہے ،صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کا کہنا ہے کہ پورا ملک سندھ کی گیس سے چلے اور ہم محروم رہیں یہ ہمیںقبول نہیں،ہم کراچی کے وارث ہم ہیں اس زیادتی پر اب خاموش نہیں رہیں گے۔پیپلزپارٹی نے منگل کوگیس بحران اور بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے خلاف سوئی سدرن گیس کمپنی کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

احتجاجی مظاہرے سے وقارمہدی شہلا رضا جاوید نایاب لغاری جاوید ناگوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا پیپلزپارٹی نے اعلان کیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف جلد کے الیکٹرک کے دفتر پر احتجاج ہوگا۔شرکا نے اپنے ہاتھوں میں مختلف پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پرمطالبات اور شکایات درج تھیں۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرے میں پیپلزپارٹی کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئے۔

مظاہرین نے گیس بحران کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ پیپلز پارٹی کے مظاہرے کے باعث حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم روڈ جانے اور آنے والے دونوں ٹریک پر ٹریفک جام ہوگیا،ایمبولنس بھی ٹریفک جام میں پھنس گیئں۔احتجاجی مظاہرے،علامتی دھرنے میں صوبائی وزرا،ارکان اسمبلی اور عہدیداربھی موجود تھے ۔مظاہرے سے خطاب میں صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ کے الیکٹرک والے پی ٹی آئی کے انویسٹرزہیں ،یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک بھر کی صنعتیں چلیں کراچی کو گیس نہ ملے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث لوگوں کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے کراچی میں گیس کی قلت اوربجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے شہری سخت اذیت کا شکار ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ کے الیکٹرک ہمیشہ اس شہر کے لوگوں پر عذاب کی طرح رہا ہے ،گیس لوڈشیڈنگ کے نام پر کے الیکٹرک نے بجلی بند کردی ۔انہوں نے کہا کہ صنعتیں چل رہی ہیں نہ گھروں میں گیس آرہی ہے ۔

آئین کہتا ہے کہ جس صوبے میں گیس پیدا ہو سب سے پہلا حق اس کا ہے ۔انہوں نے کہا دوسرے صوبے سندھ سے پیدا ہونے والی گیس استعمال ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ملک بھر کی صنعتیں چلیں کراچی کو گیس نہ ملے ،وفاقی حکومت آئین کی خلاف ورزی کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نااہل نالائق کراچی دشمن حکومت عوام کو سزا دے رہی ہے ۔جن لوگوں نے پی ٹی آئی کو مسترد کیا انہیں سزا دی جارہی ہے ۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ کی25لاکھ سڑکوں پر بیٹھے ہیں۔وزیراعظم کو توفیق نہیں ہوئی کہ ان متاثرین برسات سے ملتے ۔انہوں نے کہا کہ وہ سندھ کے متثارین سے تو کیا ملیں گے وہ میانوالی سوات میں متاثرین بارش سے ملنے بھی نہیں گئے ۔صوبائی وزیر نے کہاکہ کراچی کے لوگ تکلیف میں ہوں وزیراعظم کو فرق نہیں پڑٹا،پی ٹی آئی میں آنے والا ہر فرد فرشتہ بن جاتاہے۔

انہوں نے کہا کہ نالائقوں کی حکومت نے دو ادوار سے زیادہ قرضہ لیا۔گردشی قرضے آج دو اعشاریہ دو کھرب روپے کے ہوچکے ہیں۔نالائق حکومت نے دو مرتبہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا جبکہ نالائقوں نے بجلی کی قیمت میں ستر فیصد اضافہ کیا،ادویات کی قیمتیں بھی بڑھادی گئیں،پچھلی مرتبہ ادویات کی قیمت پیسے لیکر بڑھائیں،یہ کہتے ہیں کہ قیمت اس لیے بڑھائی کہ دوائی لوگوں کو مل جائے ۔

سعید غنے نے کہا کہ وفاقی وزیر اسمبلی میں کہتا ہے کہ چھیاسٹھ لاکھ ٹن گندم غائب ہوگئی ،چینی کی قیمت پچاس روپے سے سو روپے ہوگئی ۔چینی انکوائری کمیشن رپورٹ کہتی ہے کہ بزدار،عمران ملوث ہیں۔سعید غنے نے کہا کہ جہانگیر ترین کی لڑائی لین دین کی لگتی ہے ۔جہانگیر ترین نے تم کو بلٹ پروف گاڑیاں دی ہیں۔انہوں نے سوال کیا کہ جہانگیر ترین کی کرپشن پر عمران خان سے جواب کب لیاجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک والے پی ٹی آئی کے انویسٹرز ہیں۔سلیکٹیڈ وزیراعظم ایم کیوایم کی زبان میں بات کررہاہے اور اس وقت نفرت لسانیت کی سیاست کو پروان چڑھایا جارہاہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات شفاف ہوں تو کراچی پیپلزپارٹی کو ووٹ دیگا۔انہوں نے کہا کہ کراچی ہمارا تھا ہمارا رہے گا۔پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے رہنماآصف خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ سوئی گیس اور بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے نجات کے لئے تحریک کا دائرہ سندھ بھر میں وسیع کریں گے اور ہمارے پرامن احتجاج کا سلسلہ کراچی میں گیس اوربجلی کی بلاتعطل فراہمی تک جاری رہے گا۔

صوبائی وزیر شہلا رضا نے احتجاج ی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیپلزپارٹی کے جیالے اور جیالیوں کو سلام پیش کرتی ہیں جنہوں نے ہمیشہ حق کے لئے بلا خوف و خطر آواز بلند کی ۔انہوں نے کہا کہ اسوقت ہم سب سے بڑا احتجاج اس ملک کو آئین کے تحت چلانے کے لئے کیا جارہا ہے ۔صوبہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کر رہا ہے لیکن اس کے باوجود لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ غریب لوگ گیس اور بجلی کے بل بھرنے کی استطاعت نہیں رکھتے لیکن بلوں میں کمی کے بجائے مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔شہلا رضا نے کہا کہ عمران نیازی کی حکومت کو دو سال ہوگئے آپکی حکومت ابھی تک کھڑی نہیں ہوسکی اورعوام آج بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں ۔اس وقت ایسا لگتا ہے کہ عوام سے انتقام لیا جارہاہے ۔ملک میںہر چیز کا بحران ہے پانی ، بجلی ، گیس ناپید ہوچکی ہے۔اس موقع پر مظاہرین نے بحران نیازی گو کے نعرے بھی لگائے۔