اعتراف کرتے ہیں کہ جلسے جلوسوں سے حکومت نہیں جاتی

اب تک پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے 3 جلسے کیے گئے، اب ن لیگ اپنے جلسے کرے گی: رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف

muhammad ali محمد علی پیر 26 اکتوبر 2020 23:33

اعتراف کرتے ہیں کہ جلسے جلوسوں سے حکومت نہیں جاتی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 اکتوبر2020ء) سینئر لیگی رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ اعتراف کرتے ہیں کہ جلسے جلوسوں سے حکومت نہیں جاتی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی جاوید لطیف کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے بڑا اعتراف کیا گیا۔ لیگی رہنما نے کہا کہ وہ اعتراف کرتے ہیں کہ جلسے جلسوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جلسوں سے حکومتیں نہیں گرائی جا سکتیں۔

جاوید لطیف نے بتایا کہ اب تک اپوزیشن نے پی ڈی ایم کے پلیٹ پر سے 3 جلسے کیے ہیں، اب کچھ روز کیلئے پی ڈی ایم کے جلسے نہیں ہوں گے۔ اس دوران مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنے جلسے کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام حکومت سے تنگ آ چکے ہیں، سرکاری ملازمین اور لیڈی ہیلتھ ورکرز حکومت کیخلاف خود سڑکوں پر آئے، ان لوگوں کو اپوزیشن نے نہیں نکالا۔

(جاری ہے)

عوام کا ایشو صرف مہنگائی اور بے روزگاری ہوتا ہے۔ عوام جانتے ہیں ان کی بہتری آئین اور قانون کی سربلندی میں ہے۔ واضح رہے کہ چند ہفتوں کے دوران اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جانب سے ملک کے 3 بڑے شہروں گوجرانوالہ، کراچی اور کوئٹہ میں جلسے کیے گئے۔ ان جلسوں میں 11 اپوزیشن جماعتوں کی قیادت ایک ہی اسٹیج پر اکٹھی نظر آئی۔ کچھ روز کے وقفے کے بعد پی ڈی ایم لاہور، پشاور اور دیگر شہروں میں جلسے کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جبکہ اس کا آخری پڑاو اسلام آباد میں ہو گا۔

اپوزیشن جماعتوں کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت مخالف جلسوں میں دسمبر کے ماہ میں تیزی آئے گی، جس کے بعد اسلام آباد کی جانب سے مارچ بھی کیا جائے گا۔ اپوزیشن کی اس تحریک کے حوالے سے مریم نواز کا دعویٰ ہے کہ حکومت جلد ہی رخصت ہو جائے گی، جبکہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت اب صرف چند مہینوں کی مہمان ہے۔