حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام اورپسپا ہوئی ہے ،بدترین مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے ،چودھری منظوراحمد

پیپلزپارٹی سمیت ہر جماعت کا اپنا اپنا علیحدہ سیاسی تشخص اور موقف ہے تاہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک میں تمام ایک پیج پر متفق اور متحد ہیں مذاکرات سے زیادہ ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور یہ حکومت عوامی طاقت سے ہی گھر واپس جائیگی،جنرل سیکرٹری پیپلزپارٹی پنجاب

جمعہ 13 نومبر 2020 20:09

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 نومبر2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چودھری منظوراحمد نے کہا ہے کہ حکومت ہر محاذ پر بری طرح ناکام اورپسپا ہوئی ہے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ بدترین مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنادی ہے پیپلزپارٹی سمیت ہر جماعت کا اپنا اپنا علیحدہ سیاسی تشخص اور موقف ہے تاہم پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت مخالف تحریک میں تمام ایک پیج پر متفق اور متحد ہیں مذاکرات سے زیادہ ہم عوام کی طاقت پر یقین رکھتے ہیں اور یہ حکومت عوامی طاقت سے ہی گھر واپس جائیگی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے پیپلزپارٹی کے سٹی صدر سید ندیم عباس کاظمی کے ڈیرہ پر وکلا اور الحاج سیٹھ عبدالستار کی اقامت گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلعی صدر ملک جاوید اکبر ڈوگر،سینئر نائب صدر چودھری خالق عزیز مت ورک، نائب صدر چودھری منیر قمر واہگہ، سٹی جنرل سیکرٹری سیٹھ غلام رسول،حاجی سیٹھ محمد یاسین کرمانوالہ، رانا محمداکرم ناز، چودھری لطیف احسن پنوں، چودھری عمران صفدر گجر،ملک صدیف اکبر کھوکھر،محمد عمران خان بھٹی،مرزا فہیم بیگ، کاشف گیلانی سمیت دیگربھی موجودتھے چودھری منظور احمدنے کہاکہ پیپلزپارٹی کی قیادت فوج سمیت تمام قومی ریاسی اور آئینی اداروں کو انکی حدود وقیود میں رہ کر کام کرنے پر زور دے رہی ہے اس سے ہی موجودہ حکومت سے نجات حاصل کرنے کیساتھ ملک میں قانون کی بالادستی کو قائم کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پی ڈی ایم کے جلسوں سے گھبرا اور بوکھلاکر خود سرکاری وسائل سے جلسے کرنے پر اتر آئی ہے یہ انکی واضح ناکامی کا منہ بولتاثبوت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان ہاس تبدیلی سمیت دیگر آپشنز پر غور ہورہا ہے آج ہونیوالے پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کابیانہ بڑا واضح اور دو ٹوک ہے اور اسکی بیانہ کی روشنی میں اپوزیشن کی اے پی سی میں پی ڈی ایم معرض وجود میں آیا اور اب تمام پارٹیاں پی ڈی ایم کے نکات پر متحد اور متفق ہیں جو بھی آئندہ سیاسی مستقبل کے حوالہ سے فیصلہ ہوگا وہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہی ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں پیپلزپارٹی انشا اللہ کلین سویپ کریگی اگر وفاقی حکومت نے انتخابی نتائج پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو پھر پیپلزپارٹی اسلام آباد کی طرف مارچ کریگی ایک سوال کے جواب میں چودھری منظور احمد نے کہاکہ چینی اور آٹا کے بحران کے ذمہ دار وزیراعظم کے دائیں اور بائیں کھڑے ہیں مگر حکومت کا یہ دوہرا معیار ہے کہ وہ ان عناصر کیخلاف کال کرنیکی بجائے سارا زور سیاسی مخالفین کو کچلنے پر لگارہی ہے علاوہ ازیں انہوں نے پارٹی کے ضلعی نائب صدر چودھری منیر قمر واہگہ کی قیادت میں ملنے والے پارٹی عہدیداروں سے بھی ملاقات کی اور ان کو ملتان میں ہونیوالے جلسہ عام میں شرکت کے حوالہ سے ہدایات جاری کیں۔