رینجرز کی بڑی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیے

ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سعد بلال گروپ سے ہے، ملزم قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور امریکی قونصل خانے کی ریکی کر چکے تھے، ترجمان رینجرز

Shehryar Abbasi شہریار عباسی اتوار 22 نومبر 2020 10:42

رینجرز کی بڑی کارروائی، کالعدم تنظیم کے 3 خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 22 نومبر2020ء) کراچی کے علاقے گلشن معمار میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئئے کالعدم تنظیم کے 3 خطرناک دہشت گرد گرفتار کرلیے ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان رینجرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گلشن معمار میں کارروائی کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے سعد بلال گروپ سے تعلق رکھنے والے تین خطرناک دہشتگرد گرفتار کر لیے گئے ہیں ۔

ترجمان رینجرز نے بتایا کہ تینوں دہشتگردوں نے اعتراف جرم کرلیا ہے۔ 2 دہشت گرد افغانستان سے پاکستان تخریب کاری کرنے کے لیے آئے تھے ۔ اکرام اللہ نامی دہشت گرد نے قائداعظم انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور امریکی قونصل خانے کی ریکی کر رکھی تھی اور ان مقامات پر حملے کا ارادہ رکھتے تھے ۔ گرفتار دہشتگردوں میں اکرام اللہ عرف فیصل، یاسین اور خالد شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ملزمان نے متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے ۔ ملزمان کیخلاف کارروائی پولیس انٹیلیجنس کی رپورٹ پر کی گئی، ملزمان کراچی شہر میں اہم مقامات پر دہشت گردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے تھے ۔ ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم اکرام اللہ شکردرہ میں سرکاری سکولوں پر حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کرچکا ہے جبکہ خالد نے افغانستان سے دہشتگردی کی تربیت حاصل کی ہے ۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے ۔