کورونا بے قابو ہو گیا ، چوبیس گھنٹوں کے دوران 48 اموات

ملک بھر میں کورونا کے 2954 نئے کیسز رجسٹرڈ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 24 نومبر 2020 10:36

کورونا بے قابو ہو گیا ، چوبیس گھنٹوں کے دوران 48 اموات
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 نومبر 2020ء) : ملک بھر میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال نے تشویش پیدا کر دی ہے۔ کورونا کی دوسری لہر ملک بھر میں شدت اختیار کر رہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا سے 48 اموات ہوئیں جبکہ 2954 نئے کیسز رجسٹرڈ کیے گئے۔ جس کے بعد کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 7 ہزار 744 ہوگئی۔

پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 79 ہزار 883 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 ہزار 954 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 15 ہزار 138، سندھ میں ایک لاکھ 64 ہزار 651، خیبر پختونخوا میں 44 ہزار 932، بلوچستان میں 16 ہزار 846، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 558، اسلام آباد میں 27 ہزار 555 جبکہ آزاد کشمیر میں 6 ہزار 203 کیسز رپورٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ملک بھر میں اب تک 52 لاکھ 56 ہزار 120 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 39 ہزار 165 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 31 ہزار 760 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ ایک ہزار 751 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ یاد رہے کہ ملک بھر میں کورونا کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر ہی گذشتہ روز وفاقی حکومت نے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ملک بھر کی تمام مارکیٹس شام چھ بجے بند کرنے کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔

جبکہ گذشتہ روز ملک بھر میں کورونا کی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے کورونا ٹاسک فورس کے سربراہ ڈاکٹر عطاءالرحمان نے کہا کہ پاکستان میں کورونا بے قابو ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چار ہزار سے زائد مقامات پر لاک ڈاؤن ہے اور روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا اپنی شکل تبدیل کر چکا ہے جس کی وجہ سے اموات جلدی ہو رہی ہیں۔