ضلع گھوٹکی کو قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود یہاں سے ووٹ لینے والوں نے کچھ نہیں کیا، وفاقی وزیر اسد عمر

بہت جلد وفاقی حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر اوباڑو کے لئے یونیورسٹی اور دیگر بڑے پیکیجز کی فراہمی کا اعلان کرے گی وفاقی وزیر اسد عمر اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شمیم فردوس نقوی کی عوامی ہائوس پر شہریار خان مہر کے ہمراہ پریس کانفرنس

جمعہ 27 نومبر 2020 22:28

ضلع گھوٹکی کو قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود یہاں سے ووٹ لینے ..
گھوٹکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ضلع گھوٹکی کو قدرتی وسائل سے مالامال ہونے کے باوجود یہاں سے ووٹ لینے والوں نے کچھ نہیں کیا۔ بہت جلد وفاقی حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر اوباڑو کے لئے یونیورسٹی اور دیگر بڑے پیکیجز کی فراہمی کا اعلان کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گھوٹکی کی تحصیل اوباڑو پہنچنے کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر فردوس شمیم نقوی اور رکن اسمبلی شہریار خان مہر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے حکم پر یہاں پہنچا ہوں۔ گھوٹکی ضلع قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ وسائل کے باوجود گھوٹکی کی عوام محروم ہیں اور یہاں فرٹیلائزر ادارے ہیں پھر بھی چالیس سالوں میں ٹیکنیکل ادارے نہیں بنائے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کے نام پر ووٹ لینے والوں نے سندھ کے لے کچھ نہیں کیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہاں پر نادرا دفتر نہیں ہے جس کے لے نادرا چیئرمین سے بات کی ہے اور جلد اوباڑو میں نادرا کے دفتر کا قیام عمل میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں، کرونا وائرس سے بچائو کے لیے عمران خان کی حکمت عملی پر اپریل میں یہی جماعتیں لاک ڈائون کے خلاف تھی اور اب جلسے کرنے پر بضد ہیں۔ جزائر پر بات کرتے ہوئے انہوں کہا کہ جزائر پر سندھ حکومت سیاست کر رہی ہے پہلے ہی انہوں نے اس کی اجازت دی تھی لیکن پھر ہم سندھ کی عوام کی فلاح و بہتری کیلئے سندھ حکومت سے مل کر کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں جو لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کے اوپر زرداری کی حکمرانی ہے جو وہ کہتے رہیں گے وہی کریں گے یہ بدمعاشی نہیں چلنے دیں گے عمران خان غلط کام کرنے والوں کو نہیں چھوڑے گا۔ اسد عمر نے کہا کہ اوباڑو کے لے یونیورسٹی اور دیگر بڑے پیکیج کی فراہمی کے لئے عمران خان کی ہدایت پر سب سے پہلے اوباڑو پہنچا ہوں اور بہت جلد ان منصوبوں کا اعلان کیا جائے گا ۔