پیپلز پارٹی خواتین ونگ کا یوم تاسیس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

پارٹی کے بانی نے غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کا قیام عمل میں لایا ‘ مقررین

ہفتہ 28 نومبر 2020 16:35

پیپلز پارٹی خواتین ونگ کا یوم تاسیس کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کے زیر اہتمام قاضی مسرت کی رہائشگاہ پر یوم تاسیس کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر نگہت اورکزئی ‘ صوبائی جنرل سیکرٹری شازیہ طہماس ‘ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مہر سلطانہ ایڈووکیٹ ‘ صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری قاضی مسرت ‘ نائب صدر اشبر جدون سمیت دیگر خواتین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

تقریب کے شرکاء نے پارٹی کے قیام اور اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا ۔ مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پارٹی کا قیام ملک کے غریب عوام کو ریلیف دینے کے لئے عمل میں لایا اور عملی طور پر غریب عوام کی خدمت کر کے ثابت کردیا کہ وہ غریب عوام کی خدمت کرنے کا جذبہ رکھتے ہیں جس کی بدولت آج بھی وہ عوام کے دلوں میں زندہ ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بہادر بیٹی بینظیر بھٹو شہید نے اپنے والد محترم کے مشن روٹی ‘ کپڑا اور مکان کی فراہمی کو جاری رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کی اور جمہوریت کی بالادستی کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جبکہ آمر کے خلاف بھر پور آواز اٹھائی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی غریب عو ام کی پارٹی ہے جس کا مقصد ملک سے غربت کا خاتمہ اور ہر شہری کو با اختیار بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں میں عوام کو جس طرز پر ریلیف دیا گیا ہے آج تک کسی نے نہیں دیا ہے اور اب موجودہ حکومت سے عوام عاجز آگئے ہیں اور ایک بار پھر عوام کی آنکھیں پاکستان پیپلز پارٹی پر ہیں ۔