پشاور پی ایس ایل 2022ء کی میزبانی کریگا: وسیم خان

پی ایس ایل 6 کی شروعات 20 فروری سے ہونے کی امید، فائنل 21 مارچ کو کرائے جانیکا امکان: سی ای او پی سی بی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 دسمبر 2020 16:22

پشاور پی ایس ایل 2022ء کی میزبانی کریگا: وسیم خان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 دسمبر 2020ء ) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ای ایل) 2022ء کی میزبانی پشاور کو بھی دی جائے گی ۔ ایک بیان میں پی سی بی چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل 6 کا ڈرافٹ جنوری 2021ء کے پہلے ہفتے میں کرایا جائے گا۔ وسیم خان کے مطابق پی ایس ایل 6 کی شروعات 20 فروری سے ہونے کی امید ہے جب کہ لیگ کا فائنل 21 مارچ کو کرائے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے اگلے سال دورہ پاکستان کی تصدیق 3 سے 4 دنوں میں ہوجائے گی، پی سی بی 2023ء کے بعد کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹورنامنٹس کیلئے درخواست دے گا، آئی سی سی ٹورنامنٹس کی میزبانی سٹیڈیمزکی تزین و آرائش سے مشروط ہے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 17 نومبر کو کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر پاکستان سپر لیگ 2020ء (پاکستان سپر لیگ 5) کا فائنل اپنے نام کیا تھا ۔

نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں کھیلے جانے والے میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کی جانب سے جیت کے لیے دیا گیا 135 رنز کا ہدف بابراعظم کی عمدہ نصف سنچری کی بدولت 18 ویں اوور میں ہی حاصل کر لیا تھا۔ کراچی کنگز کی جانب سے بابراعظم نے 63 رنزکی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی، شرجیل خان نے 13،ایلکس ہیلز نے 11 ، چیڈوک والٹن نے 22 اور افتخار احمد نے 4 رنز بنائے تھے۔