سلامتی کونسل کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدے پر عمل کرے ،سردار جاوید ایوب

مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل کرفیوعالمی برادری کے ضمیرپربوجھ ہے، بھارت کا لگاتارظلم وستم کشمیریوں پر اپنی انتہا کوپہنچ چکاہے، رہنماء پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

پیر 4 جنوری 2021 18:02

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2021ء) مرکزی سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر و سابق وزیر حکومت سردار جاوید ایوب نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کے وعدے پر عمل کرے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلسل کرفیوعالمی برادری کے ضمیرپربوجھ ہے، سلامتی کونسل کشمیریوں کوحق خودارادیت دینے کے وعدے پرعمل کرے، بھارت کا لگاتارظلم وستم کشمیریوں پر اپنی انتہا کوپہنچ چکاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خودارادیت اس عزم کی تجدید کے ساتھ منارہے ہیں کہ وہ تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔اور خون کے آخری قطرے تک کشمیر کی آزادی کی جنگ لڑتے رہیں گے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کشمیر کے نہتے لوگوں کے لیے اپنی آواز اٹھاتی رہے گی۔ واضح رہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کی حمایت میں ایک قرارداد منظور کی تھی جس میں کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیا گیا تھا۔