کور کمانڈز کانفرنس کا کشمیرکے یوم حق خودارادیت کی مکمل حمایت کااعادہ اور کشمیریوں سے مکمل اظہاریکجہتی کااظہار

شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شرکاء کا امن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداکوبھرپورخراج عقیدت ہرسطح پربہترین صلاحیت سے تمام چیلنجزسے نمٹاجاسکتاہے،قومی اداروں کے تمام عناصرکودرپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے کرداراداکرناہوگا،آرمی چیف مسئلہ کشمیرکاحل کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہوگا، قومی کوششوں سے خطرات کومکمل شکست دی جاسکتی ہے، تمام فریقین کواپنابامقصدکرداراداکرناہوگا، شرکاء

منگل 5 جنوری 2021 19:26

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2021ء) کور کمانڈز کانفرنس نے کشمیرکے یوم حق خودارادیت کی مکمل حمایت کااعادہ اور کشمیریوں سے مکمل اظہاریکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ مسئلہ کشمیرکاحل کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہوگا، قومی کوششوں سے خطرات کومکمل شکست دی جاسکتی ہے، تمام فریقین کواپنابامقصدکرداراداکرناہوگا۔

منگل کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت کورکمانڈرزکانفرنس ہوئی جس میں علاقائی،ملکی سیکیورٹی صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کے مطابق اجلاس میں سرحدوں کی صورتحال،داخلی سیکیورٹی،پیشہ ورانہ دلچسپی کے امورپرگفتگو کی گئی ۔شرکاء نے سرحدوں کی صورتحال، اندرونی امن و امان اور فوج سے متعلق پیشہ وارانہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس کے شرکاء نے کشمیرکے یوم حق خودارادیت کی مکمل حمایت کااعادہ اور کشمیریوں سے مکمل اظہاریکجہتی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیرکاحل کشمیریوں کی خواہش کے مطابق ہوگا۔شرکاء نے کہاکہ بھارتی فورسز کے مظالم کشمیریوں کی جدوجہد نہیں دبا سکے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی ، انشاء اللہ کشمیری کامیاب ہونگے ۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء نے افغانستان میں امن عمل میں پیشرفت پراطمینان کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ قومی کوششوں سے خطرات کومکمل شکست دی جاسکتی ہے،معاشرے کے تمام فریقین کواپنابامقصدکرداراداکرناہوگا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہرسطح پربہترین صلاحیت سے تمام چیلنجزسے نمٹاجاسکتاہے،قومی اداروں کے تمام عناصرکودرپیش چیلنجزسے نمٹنے کیلئے کرداراداکرناہوگا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں کوروناسے نمٹنے سے متعلق اقدامات پربھی گفتگو کی گئی ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق شرکانے امن کیلئے قربانیاں دینے والے شہداکوبھرپورخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہداکی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ شرکاء نے واضح کیا کہ دہشتگردوں اوران کے سہولت کاروں کوہرقیمت پرشکست دیں گے۔