پاکستان کا تحفظ کرنیوالی قوتوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں :حافظ طاہر محمود اشرفی

ہمیں سازشیں کرنیوالوں کو روکنا آتا ہے ماضی میں جنہوں نے ختم نبوت پر شب خون مارا اب وہ عمران خان کی و جہ سے ختم نبوت کی بات کرتے ہیں مگرآج مدرسہ، مسجد اور ختم نبوت محفوظ ہے یہی و جہ ہے کہ تمام علما پاکستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں :وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی ہم واضح کرتے ہیں کہ استحکام پاکستان پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے عمران خان نے ہمارے دل کی آواز بن کر اقوام متحدہ میں ختم نبوت کا کیس لڑااسلئے ان کو شاباش کیوں نہ دیں:فیصل آباد آرٹس کونسل میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب

پیر 22 فروری 2021 22:27

پاکستان کا تحفظ کرنیوالی قوتوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں :حافظ طاہر ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2021ء) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی، مشرق وسطیٰ اور پاکستان علمائکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان کا تحفظ کرنیوالی قوتوں کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں مگرہمیں سازشیں کرنیوالوں کو روکنا آتا ہے جبکہ ماضی میں جنہوں نے ختم نبوت پر شب خون مارا اب وہ عمران خان کی و جہ سے ختم نبوت کی بات کرتے ہیں مگرآج مدرسہ، مسجد اور ختم نبوت محفوظ ہے یہی و جہ ہے کہ تمام علما پاکستان کی موجودہ حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم واضح کرتے ہیں کہ استحکام پاکستان پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے نیزعمران خان نے ہمارے دل کی آواز بن کر اقوام متحدہ میں ختم نبوت کا کیس لڑااسلئے ان کو شاباش کیوں نہ دیں۔

(جاری ہے)

فیصل آباد آرٹس کونسل میں استحکام پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علما کرام پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی مذہبی، دینی، نظریاتی، اخلاقی، انسانی اساس کے محافظ ہیں جو ختم نبوت کو اپنے ایمان کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف کسی سازش کو برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ختم نبوت کا کیس لڑااسلئے وہ شاباش کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے عالم اقوام پر واشگاف الفاظ میں واضح کردیا ہے کہ اس حوالے سے ہم کوئی ہرزہ سرائی یا گستاخی برداشت کرنے کو تیار تھے نہ ہیں اور نہ ہوں گے بلکہ اس ضمن میں اغیار کی سازشوں کا ہر پلیٹ فارم پر منہ توڑ جواب دیا جا ئے گا۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ وزیراعظم کی خدمات کے اعتراف میں انہوں نے اپنا جبہ عمر ان خان کو دیاتو مخالفین کو بہت تکلیف ہوئی لیکن وہ یاد رکھیں جو حق و سچ کا پرچم بلند کرے گا اس کیلئے ان کی جان بھی حاضر ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک منظم سازش کے تحت ملک میں فرقہ واریت پھیلانے کی کوشش کی گئی لیکن ہم نے پاکستان زندہ باد کہااور مخالف قوتوں کے ملک میں افرا تفری پھیلانے کے منصوبہ و ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا۔

انہوں نے کہاکہ بعض لوگوں کو آج جمہوریت بہت یاد آتی ہے لیکن ان کے دوہرے معیار کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ جہاں وہ جیت جائیں وہاں بہت اچھے انتخاب کا نعرہ لگتا ہے لیکن جہاں ہار جائیں وہاں کہتے ہیں دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے کہاکہ شرم کا مقام ہے کہ جنرل جیلانی کے کندھے پرسوار ہو کر آنیوالے آج جمہوریت کی بات کرتے مگر ہمارے حساس اداروں پر طعنہ زنی کرکے دشمنوں کو خوش کرنے کے ایجنڈے پر کار فرما ہیں لیکن عوام ایسے لوگوں کو بخوبی جان اور پہچان چکے ہیں اور اب وہ ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ایسا ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ عمران خان ایک ایک حاکم کو خط لکھ رہا ہے کہ ختم نبوت پرسب مسلم اکٹھے ہوجائیں انہوں نے کہاکہ جب ہم فوج کی بات کرتے ہیں تو مخالفین کو بہت تکلیف ہوتی ہے حالانکہ یہ فوج ہی ہے جس کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں لیکن اپوزیشن نے اپنے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے اپنے حساس ملکی اداروں کو نشانہ بنانے میں کبھی شرمندگی محسوس نہیں کی مگر عوام جانتے ہیں کہ اس کے پیچھے کیا عزائم کار فرما ہیں اسلئے وہ گھٹیا ذہنیت کے حامل چند لوگوں کو اپنے حساس اداروں کو بدنام کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔

حافظ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ ہم فوج کے ساتھ کھڑے تھے،کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے یہی نہیں بلکہ پاکستان کا ہر محب وطن بچہ، بوڑھا، جوان ان کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کچھ قوتیں ملکی سا لمیت کے خلاف سازشیں کررہی ہیں لہٰذا قومی ایکشن پلان کے تحت ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔انہوں نے پیغام پاکستان کو قانونی شکل دینے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔