یوسف رضا گیلانی اگر چیئرمین سینیٹ نہ بن سکے تو صدر پاکستان بن جائیں گے

عمران خان اسمبلیاں تحلیل کرنے کی غلطی کبھی نہیں کریں گے،سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود کا انکشاف

Sajjad Qadir سجاد قادر منگل 23 فروری 2021 05:40

یوسف رضا گیلانی اگر چیئرمین سینیٹ نہ بن سکے تو صدر پاکستان بن جائیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار۔ تازہ ترین۔ 23 فروری 2021ء) سینیٹ الیکشن کے حوالے سے اس وقت چہ میگوئیاں عروج پر ہیں۔گزشتہ روز کے پی کے میں وزیراعظم عمران خان کے پہنچنے پر اجلاس میں بڑے پیمانے پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا نہ آنا بھی کسی آمدہ طوفان کا پیش خیمہ محسوس ہو رہا ہے۔اس کے علاوہ ضمنی الیکشن میں نوشہرہ جیسے علاقے سے پی ٹی آئی کا ہار جانااور ڈسکہ میں بدامنی اور مینجمنٹ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر غفلت بھی حکومت مخالف ہواؤں کے چلنے کی نوید سناتی ہے۔

مگر پی ٹی آئی حکومت کے سر میں ڈنڈا لگنے والی بات مہنگائی کی ہے جس نے عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے۔یہ بات اپنی جگہ درست کہ اپوزیشن اور حکومت کے درمیان اچھی خاصی ٹھن چکی ہے مگر الیکشن کمیشن کے اسٹینڈ لینے اور سپریم کورٹ میں پیسے لینے کے ویڈیو اسکینڈل سمیت اوپن یا خفیہ بلیٹنگ کے کیسز کا فیصلہ بھی اہم پیش رفت ہو گا۔

(جاری ہے)

مگر اس وقت ملکی سیاست میں سب سے اہم بات حفیظ شیخ اور یوسف رضا گیلانی کا آمنے سامنے ہونا ہے۔

پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار کے طور پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی میدان میں ہیں جبکہ انہیں ٹکر دینے کے لیے حکومتی امیدوار کے طور پر حفیظ شیخ تیار ہیں مگر حیرت کی بات یہ ہے کہ جب یوسف رضا گیلانی وزیراعظم تھے اس وقت حفیظ شیخ ان کے وزیرخزانہ تھے ا ور آج اپنے ہی وزیراعظم کے خلاف سینیٹ کا الیکشن لڑنے کے لیے حفیظ شیخ آستینیں چڑھا کر آنکھوں میں آنکھیں ڈال رہے ہیں۔

اسی حوالے سے بات کرتے ہوئے سینئر صحافی ڈاکٹر شاہد مسعود نے اپنے پروگرام میں انکشاف کیا کہ اول تو یوسف رضا گیلانی سینیٹر منتخب ہو جائیں گے اور اس کے بعد چیئرمین سینیٹ بن جائیں گے اور اگر یوسف رضا گیلانی ہار جاتے ہیں تو صدر پاکستان عارف علوی کے خلاف صدارتی ریفرنسز کا بوجھ بہت زیادہ ہو چکا ہے لہٰذا انہیں ہٹا کر یوسف رضا گیلانی کو صدر پاکستان بنایا جائے گااور چیئرمین سینیٹ کوئی بھی اور شخص پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے منتخب کیا جائے گا۔

عمران خان صاحب مائنس ون کا فارمولا کبھی بھی نہیں اپنائیں گے۔کیونکہ پی ٹی آئی ہے ہی عمران خان کے دم سے، اگر عمران خان کو ہٹا کر کسی اور کو وزیراعظم بنایا جائے تو ایساعمران خان ہونے نہیں دیں گے اس لیے عمران خان صاحب مائنس ون کے فارمولے پر جانے کی بجائے کوئی اور بڑا کام کریں گے۔