مسجد وزیر خان کی بے حرمتی اور PSL افتتاحی تقریب میں حیا باختگی و لچر پن پر وزیر اعظم پوری قوم سے معافی مانگیں، لیاقت بلوچ

حالات پہلے سے زیادہ بدتر اور سیاست کے محاذ پر سب دست و گریبان ، کسی کو غریب، مزدورپیشہ اور محنت کش طبقہ کی فکر نہیں، بالا تر طبقہ کو دنیا کی تمام آسائشیں دستیاب ہیں

منگل 23 فروری 2021 14:39

مسجد وزیر خان کی بے حرمتی اور PSL افتتاحی تقریب میں حیا باختگی و لچر پن ..
حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2021ء) جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر فواد چودھری کی زیر نگرانی کرائے گئے ناچ گانے سے مسجد وزیر خان کے تقدس کی پامالی اور پی ایس ایل کی فتتاحی تقریب میں حیا باختگی و لچر پن سے پاکستان کے نظریاتی کردار کو مسخ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو الله اور پوری قوم سے معافی مانگنی چاہئے ، ملک میں انارکی اور فساد ہے ،حالات پہلے سے زیادہ بدتر اور سیاست کے محاذ پر سب دست و گریبان ہیں، کسی کو غریب، مزدورپیشہ اور محنت کش طبقہ کی فکر نہیں جبکہ بالا تر طبقہ کو دنیا کی تمام آسائشیں دستیاب ہیں ، پارٹیوں کے اندر اخلاقی طاقت، جمہوری اقدار ، خود انتخابی پارلیمانی نظام موجود نہیں سینیٹ انتخابات میں منڈی لگی ہوئی ہے ،سیاسی بے وفائی ، پیسے کے استعمال کے ذریعے انتخابی عمل کی پامالی کی روش نے نظام کو خراب کر دیا ہے ، وہ منگل کو شینکہ میں جماعت اسلامی کے کارکنان سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ، جماعت اسلامی ضلع اٹک کے امیر سردار امجد خان، جنرل سیکرٹری حافظ بلال ، سیکرٹری اطلاعات تحصیل حضرو ارشد خان ، سلیمان خان اور دیگر عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے ، لیاقت بلوچ نے سینئر صحافی نثار علی خان کے اس سوال کہ سینیٹ انتخابات میں پی پی پی اور یوسف رضا گیلانی نے آپ سے مدد مانگی ہے تو جماعت اسلامی کیا فیصلہ کرنے جارہی ہے کو ٹالتے ہوئے انہوں نے ’’ بس جی الله سب کی مدد کرے ‘‘ جواب دیا، مسجد وزیر خان میں وفاقی وزیر فواد چودھری کی نگرانی میں ناچ گانے کے خلاف احتجاج کرنے والے ختم نبوت اور پاکستان کی نظریاتی اساس کے محافظ شہیر سیالوی کی گرفتاری اور مسجد میں ڈانس کے سوال پر نائب امیر جماعت اسلامی نے معروف صحافی نثار علی خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسجد وزیر خان ایک تاریخ اور ہمارا ورثہ ہے ، قبل ازیں بھی فلم شوٹنگ میں مسجد کا تقدس پامال کیا گیا جس پر پوری قوم نے احتجاج کیا یوں دکھلاوے کیلئے ذمہ داران کے خلاف ایکشن لیا گیا لیکن اب اس سے بھی بڑا جرم ایک وفاقی وزیر کی موجودگی میں کرکے اسی طریقے سے ناچ گانا کیا گیا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں، ریاست مدینہ کے بار بار اعلانات کرنے والی حکومت نے اس کے بعد پی ایس ایل کے افتتاح میں جس حیا باختگی اور اخلاق باختگی کا مظاہرہ کیا اس سے پاکستانی قوم کو شرمسار کر دیا گیا ہے، انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا ریاست مدینہ میں یہ نظام رائج تھا، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں سابق حکومتوں حتیٰ کہ فوجی آمر مشرف نے بھی یہ جرات نہیں تھی کہ اس طرح لچر پن اور فحاشی عام کر سکیں انہوں نے اس کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجد وزیر خان کی توہین اور افتتاحی تقریب میں پاکستان کے نظریاتی کردار کو مسخ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کو الله اور پاکستانی قوم سے فی الفور معافی مانگنی چاہئے ۔