عوام چاہتے ہیں پنجاب سے ’وسیم اکرم پلس‘ کو فارغ کیا جائے : بلاول بھٹو زرداری

چوہدری برادران سے ووٹ مانگنے ان کے گھر جائیں گے ، چیئرمین پیپلزپارٹی کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 7 مارچ 2021 17:35

عوام چاہتے ہیں پنجاب سے ’وسیم اکرم پلس‘ کو فارغ کیا جائے : بلاول بھٹو ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 07 مارچ 2021ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عوام چاہتے ہیں پنجاب سے وسیم اکرم پلس کو فارغ کیا جائے ، چوہدری برادران سے ووٹ مانگنے ان کے گھر جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے سینیٹ میں حکومت کو تاریخی شکست دی ہے ، پی ڈی ایم کی سیاست کا مقصد عوام کو ریلیف دینا ہے ، اس لیے یہاں تمام فیصلے مشاورت سے ہوں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ وزیراعظم نے عوام کے ساتھ مذاق کیا ، عمران خان کی مثال ریس میں اکیلے گھوڑے کی طرح ہے ، صدر نے مان لیا کہ وزیراعظم اکثریت کھو چکے ہیں، اعتماد کے ووٹ کے لیے ممبران کی گنتی کے بارے میں تحقیقات ہونی چاہئیں۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اصل تو پی ڈی ایم نے فیصلہ کرنا ہے کہ عدم اعتماد کب اور کہاں لانا ہے ، یہ حکومت ایک خوف میں مبتلا ہے ، اسی لیے پنجاب کے اپوزیشن لیڈر کو 2 سال قید میں رکھا گیا۔

انہوں نے کہا ماضی کے سینیٹ کے الیکشن سے کافی کچھ سیکھ چکے ہیں ، کوشش ہے چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں پی ڈی ایم کی جیت ہو ، اس کے لیے ووٹ مانگنے چوہدری برادران کے گھر جائیں گے۔ قبل ازیں صوبہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کا مشن لیے معاملات کو حتمی شکل دینے کیلئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز سے ملاقات کی ہے ، مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع اپنی رہائش گاہ پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا ، جس میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ اپوزیشن کے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی ، پیپلزپارٹی رہنماء قمر زمان کائرہ ، چوہدری منظور اور حسن مرتضی نے بھی شرکت کی ، مسلم لیگ ن)کی جاب سے اس ملاقات میں سردار ایاز صادق ، سعد رفیق، رانا ثنااللہ، عطااللہ تارڑ اور اویس لغاری شریک ہوئے۔

بتایا گیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے وفود نے پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات کو حمتی شکل دینے کے لیے اظہار خیال کیا ، اس کے علاوہ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار کے طور پر کامیابی ، حکومت کے خلاف تحریک کے ساتھ ساتھ صوبہ پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی اور حکومت کے خلاف لانگ مارچ سمیت مختلف معاملات زیر بحث آئے۔