23 مارچ 1940ء کا دن ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے،مقررین

ا س دن مسلمانانِ برصغیر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اپنے لئے ایک واضح نصب العین یعنی ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے حصول کا تعین کیا تھا

منگل 23 مارچ 2021 17:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2021ء) 23 مارچ 1940ء کا دن ہماری قومی تاریخ کا سنگِ میل اور جدوجہد آزادی کا اہم موڑ ہے۔ ا س دن مسلمانانِ برصغیر نے قائداعظم محمد علی جناحؒ کی قیادت میں اپنے لئے ایک واضح نصب العین یعنی ایک آزاد اور خود مختار مملکت کے حصول کا تعین کیا تھا۔یہ تجدید عہد کا دن ہے‘ آج ہمیں یہ عزم کرنا چاہیے کہ وطن عزیز کی تعمیروترقی اور اس کے دفاع کیلئے ہم اپنا تن من دھن قربان کردیں گے۔

آج قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کااظہار مقررین نے قرارداد لاہور 1940ء (قراردادپاکستان)کی منظوری کے 81سال مکمل ہونے پر ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور اور ایوان قائداعظمؒ ‘ جوہر ٹائون لاہور میں ’’یوم پاکستان ‘‘ کی خصوصی تقریبات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ان تقریبات کے مہمان خاص گولڈمیڈلسٹ کارکنان تحریک پاکستان تھے۔ تقریبات کا اہتمام نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ نے تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔

پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک ، نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانہ سے ہوا۔ نظامت کے فرائض سیکرٹری نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ شاہد رشید نے انجام دیے۔ایوان کارکنان تحریک پاکستان ، لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب سے بطور مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت امیر ملتؒ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا کہ تحریک پاکستان میں علماء ومشائخ نے بھرپور حصہ لیا۔

امیر ملت پیر سید جماعت علی شاہؒ نے اپنے مریدوں کو حکم دیا کہ قائداعظمؒ کا پیغام برصغیر کے ہر گلی کوچے میں پھیلا دیں۔ بنارس میں منعقد ہونیوالی سنی کانفرنس نے قیام پاکستان کی راہ ہموار کی ۔ آج کے دن ہم نے یہ عہد کرنا ہے کہ قیام پاکستان کے مقاصد کے حصول کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس نے کہا آج ایک تاریخی دن ہے اور پاکستان کی اس سے بڑی خوش قسمتی کیا ہو گی کہ پاکستان کا بنیادی نظریہ ہر مردوزن کے دل میں جوان ہیں۔

جب تک یہ نظریہ ہمارے دلوں میں زندہ ہے دشمن ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہیں کر سکتا ہے۔ مسلمان ہر لحاظ سے ہندوئوں سے الگ قوم ہیں اور اسی نظریہ کی بنیاد پر ہم مسلمانان برصغیر نے علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کے دوران مسلمانان برصغیر تمام گروہی اختلافات بھلا کر ایک قوم بن گئے ، آج بھی ہمیں ایک قوم بننے کی ضرورت ہے۔

پاکستان کی تعمیروترقی کیلئے ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔تقریب سے گولڈ میڈلسٹ کارکنان تحریک پاکستان کرنل(ر) محمد سلیم ملک ، میاں ابراہیم طاہر اور صوفی اللہ دتہ نے بھی خطاب کیا۔ایوان قائداعظمؒ ، جوہر ٹائون لاہور میں منعقدہ خصوصی تقریب سے بطور مہمان خاص خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ چیف جسٹس(ر) اعجاز نثار نے کہاآج قومی یکجہتی و اتحاد کی سخت ضرورت ہے۔

ملکی تعمیر وترقی کیلئے ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ میرے والد نے تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لیا ۔قائداعظمؒ نے بائونڈری کمیشن کی تشکیل کے وقت مسلم لیگ کا کیس پیش کرنے کیلئے وکلاء کی جو ٹیم بنائی اس میں میرے والد بھی شامل تھے۔ انہوں نے کہا یہ ملک بڑی قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا ، ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ معمولی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے کام کریں۔

وائس چیئرمین نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ میاں فاروق الطاف نے کہا کہ آج تجدید عہد کا دن ہے کہ ہم نے پاکستان کو مضبوط بنانا اور اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ ہمیں جھوٹ ، منافقت اور کرپشن سے دور رہنا ہو گا۔ پاکستان کو سیکولر ریاست بنانے کے علمبرداروں کا منہ بند کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی سرحدیں بڑی مقدس ہیں اور اس کا تحفظ ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔

ریاست جوناگڑھ کے وزیراعظم صاحبزادہ سلطان احمد علی نے بطور مہمان خاص اپنے خطاب میں کہا کہ 23مارچ ہماری جدوجہد آزادی کا سنگ میل ہے جب مسلمانان برصغیر نے اپنے نصب العین کا تعین کیا تھا۔ ہماری خوش قسمتی تھی کہ قائداعظمؒ ایسے رہنما کی قیادت میسر تھی جنہوں نے حق خودارادیت اور دو قومی نظریہ کی بنیاد پر یہ مملکت حاصل کی۔ان کے قول ’’ ایمان ، اتحاد، تنظیم‘‘ کو مشعل راہ بنانا چاہئے۔

آج ہم پاکستانیوں کو بھی قانون کی عملداری یقینی بنانی چاہئے۔ جوناگڑھ، کشمیر، مناوادر، سیاچن ، سرکریک یہ سب علاقے پاکستان کا حصہ تھے اور ہمیں یہ بات فراموش نہیں کرنی چاہئے۔ شاہد رشید نے کہا کہ 23مارچ1940ء کو مسلمانان برصغیر نے قائداعظمؒ کی قیادت میں اپنے لئے واضح نصب العین کا تعین کیا ۔اس تاریخی جلسے میں الگ وطن کے حصول کی قرارداد منظور کی گئی تھی ۔

قرارداد لاہور ابھی ادھوری ہے ، نوجوان نسل جدید علوم پر توجہ دے اور پاکستان کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی صف میں لاکر اس قرارداد کی بھی تکمیل کرے۔قبل ازیں ایوان کارکنان تحریک پاکستان ‘ لاہورکے احاطہ میں پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے احمد اویس ایڈووکیٹ، کارکنان تحریک پاکستان کرنل(ر) محمد سلیم ملک ، میاں ابراہیم طاہر اور صوفی اللہ دتہ،چودھری نعیم حسین چٹھہ ودیگر مہمانان گرامی کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم ادا کی ۔

اس موقع پر پیر منور حسین شاہ جماعتی نے ملکی تعمیروترقی اور استحکام کیلئے دعا کروائی۔ علاوہ ازیں ایوان قائداعظمؒ‘ جوہر ٹائون لاہور کے احاطہ میںچیف جسٹس(ر) اعجاز نثار نے میاں فاروق الطاف، صاحبزادہ سلطان احمد علی و دیگر مہمانان گرامی نے کارکنان تحریک پاکستان کے ہمراہ پرچم کشائی کی رسم بھی ادا کی ۔ اس موقع پر صاحبزادہ سلطان احمد علی نے ملکی تعمیروترقی اور استحکام کیلئے دعا کروائی ۔

دریں اثناء مادرملتؒ پارک میں واقع گمنام شہدائے تحریک پاکستان کی یادگار پر حاضری دی گئی ، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔ان تقریبات میں ممتاز سیاسی رہنما رانا محمد ارشد، بیگم صفیہ اسحاق، بیگم خالدہ جمیل، عامر کمال صوفی ، کرنل(ر) مقصود مظہر، ڈاکٹر ثاقب احمد، محمد منیر، نواب برکات محمود، حافظ مرغوب احمد ہمدانی، قاری خالد محمود، قاری دائود نقشبندی، الحاج اختر حسین قریشی، خوشحال شاہین، رشید احمد اعوان، ساجد علی چدھڑ، کارکنان تحریک پاکستان،اساتذہٴ کرام، طلبا وطالبات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین وحضرات کثیر تعداد میں موجود تھے۔