Live Updates

اعتزاز احسن جہانگیر ترین کے دفاع میں آ گئے، پارٹی میں شمولیت کی دعوت

جہانگیر ترین بہت سارے لوگوں سے اچھے ہیں، پیپلز پارٹی کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں، اعتزاز احسن کا بیان

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 اپریل 2021 11:06

اعتزاز احسن جہانگیر ترین کے دفاع میں آ گئے، پارٹی میں شمولیت کی دعوت
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 اپریل2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن نے جہانگیر ترین کی پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے دروازے اور کھڑکیاں ہر وقت ان کے لئے کھلے ہیں۔کوئی بھی کسی وقت بھی پیپلز پارٹی سے جا بھی سکتا ہے اور آ بھی سکتا ہے ہماری پارٹی نے کسی کے ساتھ کوئی امتیاز نہیں رکھا ہوا۔

جہانگیر ترین بہت سے لوگوں سے اچھے ہیں، پیپلز پارٹی کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں۔سب پارٹیوں میں کئی ایسے لوگ موجود ہیں جن پر سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں جہانگیر ترین کوئی ان سے بڑے ملزم تو نہیں ہیں۔ ماہر قانون اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم سے الگ ہونے کا فیصلہ ابھی تک نہیں کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کو تھوڑا ہی عرصے میں ن لیگ سے اتحاد کا تلخ تجربہ ہو گیا۔

پی پی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لئے بی اے پی کے ووٹ لینے کی ضرورت نہیں تھی۔ پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں اکثریت حاصل تھی، اسی لیے اپوزیشن لیڈر بنا نا اس کا حق تھا۔ اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ نواز شریف نے پنجاب میں بلامقابلہ سینیٹر منتخب کروانے کے لیے خفیہ طور پر عمران خان سے اتحاد کیا۔مریم نواز دلیر اور بہادر ہیں لیکن ان کے بھائی ڈرپوک اور بھاگے ہوئے ہیں۔

لیڈر باہر بیٹھا ہوتا ہے تو تحریک نہیں چل سکتی، نوازشریف باہر پناہ گاہ میں بیٹھ گئے اور بیٹی کو خطرے میں ڈال دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم نے گھبرانے کی اجازت کیا دینی ہے۔ حالات ہی کنٹرول سے باہر ہیں۔ملک میں رشوت کا بازار گرم ہے، کوئی کام پیسے کے بغیر نہیں ہوتا۔پیپلز پارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دیا جس کی دنیا بھر میں پذیرائی ہوئی۔

نواز شریف نے کہا تھا کہ کوئی کسی اسٹیبلشمنٹ کے بندے اور فوجیوں کو نہیں ملے گا مگر محمد زبیر کے ذریعہ سفارتکاری کرتے رہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کو اعتماد میں نہیں لیا کہ محمد زبیر آرمی چیف کے پاس کیوں گیا اور کیا بات ہوئی۔ پی ڈی ایم جماعتوں کا الحاق نہیں اتحاد ہوا، مولانا فضل الرحمن کو علم ہونا چاہیے کہ اتحاد میں سب برابر ہوتے ہیں۔اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ مریم نواز کی دلیر ہیں مگر اس کے بھائی ڈر کر بھاگے ہوئے ہیں، مریم نواز مقابلے میں کھڑی ہیں۔میاں صاحب خود باہر جا کر بیٹھ گئے ہیں اور بیٹی کو خطرہ میں ڈال دیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے لانگ مارچ کو استعفے سے مشروط کر دیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات