سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق نہ دینے کی وجہ بتا دی

بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے آن لائن ووٹ ڈالنے سے را اور موساد آن لائن ووٹنگ کے نظام کو ہیک کر سکتے ہیں، حکومت ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر کام کرے، لیگی رہنما احسن اقبال

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 14 جون 2021 23:24

سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق نہ ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون2021ء) ق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے آن لائن ووٹ ڈالنے سے را اور موساد آن لائن ووٹنگ کے نظام کو ہیک کر سکتے ہیں، سینئر لیگی رہنما احسن اقبال نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق نہ دینے کی وجہ بتا دی- تفصیلات کے مطابق نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت ہمارے ساتھ مل بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر کام کرے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ حکومت کی اسمبلی میں اکثریت ہو تو وہ اپوزیشن سے بات چیت کرے بغیر ہی کوئی بھی بل منظور کروا لے، انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت انتخابات کا آن لائن نظام متعارف کروا کر دھاندلی کرنا چاہتی ہے- نجی ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے متعارف کروائے جانے والے آن لائن ووٹنگ کے نظام کو نہ صرف موساد اور را جیسے دشمن ممالک کے ادارے ہیک کر سکتے ہیں، بلکہ ممکن ہے کہ حکومت خود ہی اس سسٹم کو ہیک کر لے اور یوں دھاندلی کے دروازے کھل جائیں گے- واضح رہے کہ اپنے ایک گزشتہ بیان میں احسن اقبال نے کہا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملکی سیاست کا کچھ پتا نہیں، اس سے بیرونی مداخلت کے دروازے کھل جائیں گے، پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے وفاقی وزیر اطلاعات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ فواد چوہدری وکیل ہیں، ہمیں ٹیکنالوجی نہ پڑھائیں۔

(جاری ہے)

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ بجٹ سے ایک روز پہلے قومی اسمبلی میں 2 قوانین منظور کرائے گئے، حکومت نے بلڈوز کر کے انتخابی قوانین منظور کرائے اور حکومت اگلا الیکشن چرانا چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حلقہ بندی آبادی کے بجائے ووٹر لسٹوں سے مشروط کر دی گئی، ووٹر لسٹوں کو الیکشن کمیشن کے بجائے نادرا کے حوالے کر دیا گیا، اس طرح حکومت جسے چاہے ووٹر لسٹوں میں شامل کرے گی جسے چاہے گی نکال دے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ ووٹر لسٹ الیکشن کمیشن کی پراپرٹی ہے، وہ اس سے نہیں لی جاسکتی یہ آزاد اور منصفانہ الیکشن کے اوپر بہت بڑا حملہ ہے جو اس حکومت نے کیا ہے، الیکٹرونک ووٹنگ مشین سے سیکریسی نہیں رہتی۔احسن اقبال کا کہنا تھاکہ وورسیزپاکستانیوں کیلئے الگ نشستیں رکھی جا سکتی ہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملکی سیاست کا کچھ پتا نہیں، اس سے بیرونی مداخلت کے دروازے کھل جائیں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ اس طرح کے اقدامات سے ملک اور قوم کیساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، حکومت نے اپنی اتحادی جماعت کو خوش کرنے کیلئے یہ شرط رکھی ہے، اس طرح کراچی میں نشستیں بڑھ جائیں گی،کے پی اوربلوچستان میں کم ہوجائیں گی۔واضح رہے کہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے لیے قومی اسمبلی میں بل منظور کروا لیا ہے، جس کے بعد اوورسیز پاکستانی ووٹ کا حق حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔