پانی بجلی کے سنگین بحران اور سندھ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جییوآئی کی صوبہ بھر میں احتجاجی مظاہرے و ریلیاں

سندھ حکومت شہریوں کو پانی بجلی سمیت دیگر بنیادی سہولیات دینے میں ناکام ہوچکی ہے، روٹی کپڑا اور مکان دینے کے دعوے دار چھیننے پر لگے ہیں جے یوآئی رہنمائوں محمد اسلم غوری ، مولانا عبدالکریم عابد ودیگر کا کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب

جمعہ 18 جون 2021 22:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2021ء) کراچی سمیت سندھ بھر میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں ،بجلی کی آنکھ مچولی نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے جبکہ سندھ حکومت خواب خرگوش سورہی ہے۔ صوبائی حکومت وفاق سے ساز باز کرکے کی عیاشیوںمیں مصروف ہے ، سندھ کے وسائل پرحکمرانوں کا قبضہ جبکہ عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں،عوامی مسائل کے حل کیلئے میدان میں نکل چکے ہیں ،وقف املاک بل کو مساجد کی حریت کیخلاف سازش ہے مسترد کرتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار جمعیت علما اسلام کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری صوبائی نائب امیر مولانا عبد الکریم عابد نے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کے دوران کیا ۔

اس موقع پر مولانا سمیع الحق سواتی ، مولانا احسان اللہ ٹکروی ، مولانا عبدالرشید نعمانی ، قاری نورالامین ، فارق سید حسن زئی، مولانا فخرالدین رازی ، مفتی علیم الحق فاروقی، مولانا اجمل شیرازی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جمعرات 18 جون کو جے یو آئی کی صوبائی مجلس عاملہ کے فیصلے کے مطابق صوبے کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز پر احتجاجی مظاہرے ہوئے ، کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئیجے یو آئی کے مرکزی ترجمان محمد اسلم غوری ودیگر نے کہا کہ سندھ حکومت کی سرپرستی میں صوبے کے وسائل پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے سندھ کے لاکھوں ایکڑ کی اراضی کو کوڑیوں کیدام فروخت کیا جارہا ہے ، عوام کو زبردستی اپنے زرعی و آبائی زمینوں سے محروم کیا جارہا ہے، سندھ میں صوبائی حکومت کے زیر اثر وڈیرے من چاہے داموں پر پانی فروخت کرنے میں ملوث ہیں، جس سے مستقبل میں غذائی اجناس کی قلت کا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کے لئے پانی گوہر نایاب بن چکا ہے جو طلب کرنے پر بھی نہیں مل رہا ، بجلی نے عوام کی زندگی دوبھر کردی ہے، یومیہ 22 ، 22 گھنٹے لوڈشیڈنگ نے کاروباری سرگرمیوں کو یکسر مفلوج کردیا ہے ۔اوربلنگ کے نام پر لوٹ مار کے الیکٹرک کا وطیرہ بن چکا ہے ، شہریوں کے مسائل کی کہیں شنوائی نہیں ہورہی جبکہ صوبائی حکومت خیالی دعوے کرکے دوبارہ سو جاتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں بااثر لوگوں کی سرپرستی میں پانی مافیا عوام کو لوٹ رہا ہے،ہم سندھ کے عوام کے ساتھ مزید زیادتیاں برداشت نہیں کریں گے، صوبائی اور وفاقی حکومتیں عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں، جمعیت علما اسلام اب جرات کیساتھ حکومت سے ساتھ عوام کا مقدمہ لڑے گی۔کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے قائدین کا مزید کہنا تھا کہ حکمرانوں کی سرپرستی میں فحاشی اور عریانی کو فروغ دیا جارہا ہے۔

لادین اور مذہب بیزار حکمرانوں کیخلاف جمعیت علما اسلام کے پلیٹ فارم سے جدوجہد جاری رکھیں گے، سندھ پبلک سروس کمیشن پر عدالتی فیصلہ سندھ حکومت کیلئے نوشتہ دیوار اور شرم کی بات ہے ، صوبے میں پانی قلت سے فصلوں کی تباہی ہورہی ہے، محکمہ آب پاشی وفاقی حکومت اور پی پی وڈیرہ شاہی کے کنٹرول میں ہے، کسانوں سے رشوت لیکر بااثر وڈیرے پانی کی فروخت میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ایجنڈے کی تکمیل کیخلاف نبرد آزما مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں عوامی تحریک جاری رہے گی ۔ پیپلز پارٹی کمیشن مافیا کا روپ اختیار کر چکی ہے جے یوآئی پیپلز پارٹی کے بھونڈے اقدامات کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرے گی۔