کل جماعتی حریت کانفرنس کا تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ

ہفتہ 19 جون 2021 16:52

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ شہدائے کشمیر کی قربانیوں نے کشمیریوں کے کندھوں پر تحریک آزادی کو ااس کے منطقی انجام تک پہنچانے کی بھاری ذمہ داری ڈال دی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ غلام محمد ناگو نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں ڈاکٹر قاضی نثار احمد کو ان کے یوم شہادت پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے تحریک آزادی کو قیادت سے محروم کرنے لئے زرخرید ایجنٹوں کو استعمال کر کے حریت قیادت کو ختم کرنے کے بھارتی منصوبوںکی مذمت کی۔انہوں نے کہاکہ وقت گزرنے کے ساتھ بہادر کشمیری عوام نے مزاحمتی تحریک کو مزیدجرات اور حوصلے کے ساتھ آگے بڑھا کر بھارت کے ان منصوبوں کو خاک میں ملادیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مبنی برحق تحریک اور آزادی کے مقدس مشن کو اس کے منطقی ا نجام تک پہنچایا جائے گا۔

حریت ترجمان نے 15 اگست 1947ءسے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے لاکھوںکشمیری شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ پر زوردیاکہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرکی موجودہ زمینی صورت حال کا سنجیدہ نوٹس لے جہاں بھارتی فورسز نے علاقے کے طول وعرض میں خوف وہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے اور نسل کشی، ماورائے عدالت قتل، جبری گرفتاریوں اور رہائشی مکانوں کی تباہی کا نیا سلسلہ شروع کررکھا ہے۔ ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ اقوام متحدہ اور اس کی سلامتی کونسل کی یہ اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ تنازعہ کشمیر کواپنی منظورشدہ قراردادوں کے مطابق جن پر بھارت نے بھی دستخط کئے ہیں، حل کرے ۔