وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کی بھارتی قسم پھیلنے کے خدشے کا اظہار

کورونا کی بھارتی قسم بڑا خطرہ ہے، بھارتی وائرس پاکستان میں آنا شروع ہوگیا ہے، صورتحال خراب ہوئی تو لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا، ایس اوپیز پر عمل کرکے چوتھی لہر کی تباہی سے بچ سکتے ہیں، ماسک کا استعمال اور ویکسی نیشن یقینی بنائیں۔ وزیراعظم کا براہِ راست عوام سے خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 8 جولائی 2021 17:40

وزیراعظم عمران خان کا کورونا وائرس کی بھارتی قسم پھیلنے کے خدشے کا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 جولائی2021ء) وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی بھارتی قسم پھیلنے کے خدشے کا اظہار کردیا، انہوں نے کہا کہ کورونا کی بھارتی قسم خطرناک ہے، بھارتی وائرس پاکستان میں آنا شروع ہوگیا ہے، صورتحال خراب ہوئی تو لاک ڈاؤن لگانا پڑے گا، ایس اوپیز پر عمل کرکے چوتھی لہر کی تباہی سے بچ سکتے ہیں، ماسک کا استعمال اور ویکسی نیشن ضرور کروائیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزراء اور این سی اوسی حکام نے شرکت کی، وزیراعظم کو کورونا کی صورتحال اور ویکیسی نیشن کے عمل سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی صورتحال پر عوام سے براہ راست اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کورونا میں تبدیلیاں آرہی ہیں، جنوبی افریقہ میں وائر س تبدیل ہوگیا، اور بھی مختلف قسم کی وائرس ہیں،اس سارے خطے میں سب سے بڑا مسئلہ بھارتی کورونا وائرس ہے، جو تبدیل ہوکر پھیل رہا ہے، وہ بنگلا دیش میں پہنچا تباہی مچا دی، افغانستان اور انڈونیشیاء میں حالات خراب ہیں، آکسیجن کی کمی ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

ابھی تک اللہ نے پاکستان پر بڑا کرم کیا ہے، اکانومسٹ کی رپورٹ نے دنیا میں پاکستان کو تیسرے نمبرپر بتایا ہے،کہ کورونا کے دوران بہترین اقدامات اٹھائے۔ پاکستان وہ ملک ہے، جب ساری دنیا میں مساجد بند تھیں لیکن پاکستان میں کھلی رہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کورونا وائرس پاکستان میں آنا شروع ہوگیا ہے، دنیا ایس اوپیز پر عمل کرکے تھک گئی ہے، اگر ہم ماسک پر عملدرآمد کریں تو ہم چوتھی لہر سے بچ سکتے ہیں، بند کمروں، شادی ہالز ریسٹورانٹس میں ماسک کا استعمال ضرور کریں، ان جگہوں پر کورونا پھیلنے کے زیادہ چانسز ہیں، کھلے پارک میں پھر رہے ہیں، یا گاڑیوں میں سفر کررہے ہیں تو بھی ماسک کا استعمال ضرور کریں، ایس اوپیز پر عملدرآمد سے ہم اپنے ملک، اپنی معیشت اور غریبوں کو بچا سکیں گے، ساری دنیا میں غریب کچلا گیا، غربت پھیل گئی ہے، لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ نقصان غریبوں کو ہوتا ہے، معیشت کی خاطر ہمیں چاہیے، بوڑھے لوگوں کو بچانے کیلئے ضروری ہے،  قربانی عید آرہی ہے، عید پر ماسک کی پابندی کریں۔

وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ انتظامیہ پر بڑا پریشر ڈالا ہے کہ لوگوں کو ایس اوپیز پر عمل کروائیں، اگر ہم نے ماسک کے استعمال کو یقینی بنالیا تو پھرہم ملک کوچوتھی لہر سے بچا لیں گے،اگر ایس اوپیز پر عمل نہ کیا تو پھر ہمیں لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا، شادی ہالز، ریسٹورانٹس کاروبار بند کرنا پڑیں گے، سیاحت کا سیزن ہے، اس سب سے بچنے کیلئے اگر ابھی احتیاط کریں تو ہم پاکستان کو مشکل وقت سے بچا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک ہم اپنے سارے لوگوں کو ویکسین نہیں لگوائیں گے تو کوروبا وبا ء کی ہر لہر پر خطرہ رہے گا، ہمارے ملک میں ویکسین بنتی نہیں، ہمارے پاس جیسے ہی ویکسین کی خوراکیں آتی ہیں ہم لگا رہے ہیں، شہروں میں لوگوں کو اولین ترجیح پر ویکسین لگائیں۔ اگر ہم کورونا وباء کے چوتھی لہر سے نکل گئے تو ہم باقی ملکوں کی نسبت پاکستان کو تباہی سے بچاسکیں گے۔