بھارت کشمیریوں کی تحریک آزادی کو دبا نہیں سکتا ،رپورٹ

بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اپنے وحشیانہ اقدامات سے کشمیریوں کو دبا سکے گا

بدھ 14 جولائی 2021 13:15

ٓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2021ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کشمیریوں نے ’’ یوم شہداء ‘‘ پر مکمل ہڑتال کر کے اور آزاد جموںوکشمیر ، پاکستان اوردینا کے دیگر ملکوں میں ریلوں ، مظاہروں اور دیگر پروگراموں کا انعقاد کر کے بھارت کو یہ واضح پیغام دیا ہے کہ اگر وہ اپنی پوری کی پوری فوج بھی مقبوضہ علاقے میں تعینات کر دے کشمیریوں کا جذبہ آزاد ی ہرگز کمزور نہیں پڑے گا اور وہ اسکے غیر قانونی قبضے کیخلاف اپنی مزاحمت جاری رکھیں گے۔

کشمیر میڈیاسروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اپنے وحشیانہ اقدامات سے کشمیریوں کو دبا سکے گا ۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ یوم شہداء پر منگل کے روز مقبوضہ علاقے میں کی جانے والی مکمل ہڑتال سے کشمیریوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ بھارتی غلامی سے آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

’’ کے ایم ایس‘‘ رپورٹ میں کہا گیا کہ قتل عام، گرفتاریاں ، تشدد اور جبر و استبداد کے دیگر ہتھکنڈے کشمیریوں کے جذبہ آزاد ی کو دبانے میں ناکام ہو چکے ہیں اور وہ بھارت کی فوجی طاقت کے آگے کبھی سرنگوں نہیں ہونگے۔ رپورٹ میں کہا کہ کشمیری بھارت کی اطاعت کے بجائے موت کو ترجیح دیں گے اوروہ شہداء کے مقدس مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کشمیری مذموم بھارتی منصوبوں کو ناکا م بنانے کیلئے متحد ہیں اور وہ دن دور نہیں جب وہ صبح آزادی دیکھیں گے۔