کراچی میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم کا پھیلاؤ بڑھ گیا، مزید 65 کیسز رپورٹ

کراچی میں 2 ساوَتھ افریقی اور 2 وائلڈ ٹائپ ویرینٹ کے کیسز بھی رپورٹ ہوئے، ڈیلٹا وائرس مختصر وقت میں بڑی آبادی کو لپیٹ میں لے سکتا ہے۔ سربراہ آئی سی سی بی ایس ڈاکٹر محمد اقبال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 جولائی 2021 17:39

کراچی میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم کا پھیلاؤ بڑھ گیا، مزید 65 کیسز ..
کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جولائی2021ء) کراچی میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم تیزی سے پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے، سربراہ آئی سی سی بی ایس ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ کراچی میں ڈیلٹا وائرس کے مزید 65 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، 2 ساوَتھ افریقی اور 2 وائلڈ ٹائپ ویرینٹ کے کیسز رپورٹ ہوئے، ڈیلٹا وائرس مختصر وقت میں ملک کی بڑی آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں کورونا وائرس کی بھارتی قسم ڈیلٹا وائرس تیزی سے پھیلنے کا انکشاف ہوا ہے۔ سربراہ آئی سی سی بی ایس ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ شعبہ صحت سندھ سے 2 ہزار62 نمونوں میں سے163 نمونے مثبت آئے، مثبت نمونوں کے تجزیے سے 65 ڈیلٹا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی۔ رپورٹ کیسز میں 2 ساوَتھ افریقی وائرس اور 2 وائلڈ ٹائپ ویرینٹ کی بھی موجودگی پائی گئی، 25 نامعلوم ویرینٹ کو بھی ڈیلٹا ویرینٹ سمجھا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

جینوٹائپ نمونوں میں سے15 فیصد نمونے ڈیلٹا ویرینٹ کے پائے گئے تھے، بھارتی قسم کے وائرس کی نمایاں خصوصیات میں مرض کا تیزی سے پھیلنا ہے۔ احتیاطی تدابیر پرعمل نہیں کیا گیا تو ڈیلٹا وائرس بہت طاقتور ہے۔ ڈیلٹا وائرس مختصر وقت میں ملک کی بڑی آبادی کو اپنی لپیٹ میں لے سکتا ہے۔دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کورونا کی ویکسین بنا رہے ہیں، کین سائنو کا ایک ٹرائل پاکستا ن میں ہوا ہے، لوگوں نے اپنی مرضی سے ویکسین لگوائی ہے۔

کورونا کی کین سائنو ویکسین کا خام مال چین سے منگوایا جاتا ہے، پاکستان میں اس خام مال سے پیکنگ اور خوراکیں تیار کی جاتی ہیں،اس کو ریلیز کرنے سے پہلے 24 ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی مختلف اقسام کا ڈیٹا ہسپتالوں کے پاس نہیں بلکہ ڈیٹا این سی اوسی کے پاس ہے، کورونا ویرینٹ کی جانچ کا تفصیلی جائزہ لیبارٹری میں لیا جاتا ہے۔

95 ممالک میں ڈیلٹا وائرس موجود ہے، ڈیلٹا وائرس اب مقامی سطح پر بھی پھیل رہا ہے، ڈیلٹا کے کیس اسلام آباد، کراچی میں بھی رپورٹ ہوئے ہیں، کراچی میں ساوَتھ افریقن ویرینٹ بھی موجود ہے۔ ڈیلٹا وائرس کے مجموعی طور پر کتنے کیسز ہیں ان کو فی الحال تعداد میں بتانا ممکن نہیں۔ ہفتہ وار جینوسیکوینسنگ سے ڈیلٹا کا پتا چلتا ہے، روزانہ کی بنیاد پررپورٹ کیسز کی جینوسیکوینسنگ ممکن نہیں ، برطانیہ زیادہ وسائل کے باعث مختلف علاقوں میں وائرس اقسام کی تشخیص میں کامیاب رہا۔

مزید برآں ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ کراچی میں کورونا کیسز کی مثبت شرح تقریباً 19 فیصد ہے۔ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھارتی ڈیلٹا ویرینٹ کے حوالے سے بتایا کہ جب نیا ویرینٹ آتا ہے تو وہ آسانی سے پھیلتا ہے، یہ ویرینٹ 50 سے 60 فیصد تیزی سے پھیل رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کوئی بھی ویکسین 100 فیصد موثر نہیں ہوتی، تاہم موجودہ تمام ویرینٹ پر کورونا وائرس کی ویکسین اثر انداز ہوتی ہیں۔

معاونِ خصوصی برائے صحت نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ تمام لوگوں کو کم از کم ویکسین کی ایک خوراک لگائی جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ سفر کرنے کے لیے کورونا وائرس کی ویکسین کا سرٹیفکیٹ ضروری ہو گا، اگست سے اندورن ملک سفر کیلئے بھی کورونا سرٹیفکیٹ دکھانا ہو گا۔