عالمی برادری تنازعہ کشمیر حل کرانے کیلئے اپنی کوششیں تیزکرے،سیاسی کارکنوں کیخلاف خیالات کے اظہار پر غداری کے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں ،کالے قوانین کے تحت جیلوں میں ڈالا جارہا ہے، مقررین ویب نار

منگل 20 جولائی 2021 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2021ء) کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کی طرف سے منعقدہ ایک ویبینارکے مقررین نے تنازعہ کشمیر کو علاقائی امن کے لئے خطرہ قراردیتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا ہے کہ وہ اس دیرینہ تنازعے کوپرامن طورپر حل کرانے کے لئے اپنی کوششیں تیزکرے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق’’ 19 جولائی کی قرارداد:الحاق پاکستان ‘‘کے عنوان سے ویب نار 74 ویں یوم الحاق پاکستان کے سلسلے میں منعقدکیاگیا تھا جس میں انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں، دانشوروں،ماہرین تعلیم، بین الاقوامی قانون کے ماہرین ، سول سوسائٹی تنظیموں کے نمائندوں اور سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی ۔

کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے چیئرمین الطاف حسین وانی نے اپنے افتتاحی خطاب میں اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 19 جولائی کشمیر کی حالیہ تاریخ کا اہم دن ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس دن آبی گزر سرینگر میں آل جموںوکشمیر مسلم کانفرنس کی قیادت نے سردارمحمد ابراہیم خان کی رہائشگاہ پر ایک اجلاس میں پاکستان کے ساتھ کشمیر کے الحاق کی متفقہ قرارداد منظورکی اور اس طرح کشمیریوں نے اپنا مستقبل پاکستان کے ساتھ وابستہ کیا۔

انہوں نے اسے مسلم کانفرنس کی تاریخی کامیابی قراردیا۔ دیگرمقررین نے مقبوضہ جموںوکشمیر کی موجودہ صورتحال پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے ظلم وستم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سات دہائیاں گزرجانے کے باوجود کشمیریوں کے لئے کچھ نہیں بدلا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں آج بھی بنیادی آزادیوں اور جمہوری حقوق پر پابندیاں عائد ہیں اور لوگ اپنی بقاء کی جنگ لڑرہے ہیں۔

مقررین نے کہاکہ آج سیاسی کارکنوں کیخلاف محض اپنے خیالات کے اظہار پر غداری کے مقدمات قائم کئے جارہے ہیں اور انہیں کالے قوانین کے تحت جیلوں میں ڈالا جارہا ہے۔ انسانی حقوق اورسول سوسائٹی کے سرگرم کارکنوں، ماہرین تعلیم، وکلاء اور یہاں تک کہ صحافیوں کی نگرانی کی جارہی ہے اورانہیں ہراساں کیا جارہا ہے جبکہ دوسری طرف قابض بھارتی فورسز کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کا قتل عام جاری ہے۔

مقررین نے مظلوم کشمیریوں کے لئے آواز اٹھانے والوں کو سراہتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ اپنی خاموشی توڑدے اور اس تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ مقررین نے کشمیر کاز کی مسلسل حمایت کرنے پر پاکستان اوردیگر برادر ممالک کا شکریہ اداکیا ۔ انہوں نے مقبوضہ جموںوکشمیر کی سنگین صورتحال پر اپنی آواز بلند کرنے کے لئے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل اور اور انسانی حقوق کے دیگر عالمی کی بھی تعریف کی۔

ویب نا ر میں دیگر شخصیات کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر محمد فاروق رحمانی ، سینئر کالم نگارسید عارف بہار ، کشمیر کمپین گلوبل کے صدر ظفر اے قریشی، تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی اورکشمیر کونسل یورپ کے صدر علی رضا سیدنے شرکت کی۔