Live Updates

موجودہ نظام میں فرشتے بھی مسلط حکمران جماعت کو شکست نہیں دے سکتے،شیخ محمد شاہجہاں

پیر 26 جولائی 2021 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جولائی2021ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)سندھ کے نائب صدر کراچی کے حلقے *NA-243 سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوارشیخ محمد شاہجہاں* نے آزاد کشمیر کے جھرلو انتخابات کو پاکستان میں 2018 میں ہونے والے انتخا بات کا ری پلے قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن سے پہلے دوسری جماعتوں میں نقب زنی، مانگے تانگے کے امیدوار اور انتخابی نتائج میں تاخیر سب سے بڑی دھاندلی ہے جس کا نہ تو آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے کوئی نوٹس لیا اور نہ ہی دیگر اداروں نے ملکی تاریخ کی بدترین دھاندلی روکنے کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں.

پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے رہنماں ڈاکٹر پروفیسر مسعود کاظمی، اقبال خاکسار، عالمگیر شیخ، مسلم لیگ(ن) ضلع غربی کے سیکریٹری اطلاعات عبد الحمید بٹ، عبد الرشید شیخ، محمد شریف، اقبال سلیمانی اور دیگر کے ساتھ آزاد کشمیر کے جعلی انتخابات کے نتائج کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف کے دیرینہ ساتھی اور صوبائی نائب صدر شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ پاکستان کے ایٹمی پروگرا م کے خاتمے، مقبوضہ کشمیر بھارت کے حوالے کرنے اور اسرائیل کو تسلیم کروانے کے لئے عالمی قوتیں محب وطن اور پاکستان کے مفادات کے حقیقی محافظ میاں محمد نواز شریف کو عوام اور اقتدار سے دور رکھنا چاہتی ہیں اسی لئے پا کستان مسلم لیگ(ن) کے خلاف عالمی سازشوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا گیا ہی.

پاکستان مسلم لیگ(ن) کسی قیمت پر ایٹمی پروگرام، مقبوضہ کشمیر میں استصواب اور فلسطین کے دو ریاستوں کے قیام تک اسرائیل کو تسلیم کرنے کی ہر کوشش کی مزاہمت کرے گی.جب تک پاکستان کے بائیس کروڑ عوام کی محبت اور اعتماد پاکستان مسلم لیگ(ن)کے ساتھ ہے دنیا کی کوئی قوت قائد میاں محمد نواز شریف کو ملکی اور عالمی سیاست سے علیحدہ نہیں کر سکتی. آزاد کشمیر کے انتخابات میں بد ترین دھاندلی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ محمد شاہجہاں نے کہا کہ موجودہ نظام میں فرشتے بھی مسلط حکمران ٹولے کو شکست نہیں دے سکتی.

منصفانہ اور شفاف انتخابات جب بھی ہوئے مسلم لیگ(ن)ملک کی سب سے بڑی پارلیمانی قوت بن کر ابھرے گی. جس طرح گلگت بلتستان اور پاکستان میں 2018 کے انتخابات پر ڈاکہ ڈالا گیا آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ کے ساتھ بھی وہی کھلواڑ کیا گیا۔

(جاری ہے)

دنیا نے دیکھا کی محترمہ مریم نواز شریف کے تاریخی جلسوں میں آزاد کشمیر کے عوام نے میاں محمد نواز شریف کے بیانیئے کو بے نظیر پذیرائی دی لیکن انتخابی نتائج نے حکمران جماعت کی بدترین دھاندلی کا مکروہ چہرہ عالمی اداروں اور آزاد کشمیر کے عوام کے سامنے بے نقاب کردیا۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات