کشمیری مودی حکومت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کو مسترد کرتے ہیں،حریت رہنما،تنظیمیں

بدھ 4 اگست 2021 18:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2021ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںحریت رہنمائوں اور تنظیموںنے کہا ہے کہ کشمیری مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کے 5اگست 2019ء کے غیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات کو مسترد کرتے ہیںاور وہ بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھیںگے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرہ نے سرینگر میں پارٹی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے 5اگست 2019ء کو جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔

انہوںنے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے کشمیریوں کے حقوق پر شب خون مارااوراقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370اور 35Aکو ختم کرکے ریاست جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت تبدیل نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5اگست کوجو غیر قانونی اوریکطرفہ اقدامات کئے ہیں ان سے کشمیری مرعوب نہیں ہونگے۔

عبدالاحد پرہ نے کشمیری عوام سے اپیل کی کہ 5اگست کو یوم استحصال مناکر دنیا کو واضح پیغام دیں کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل تک وہ اپنی جدوجہد ہرقیمت پر جاری رکھیں گے۔جموں وکشمیر ایمپلائز موومنٹ کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کو عملًا فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھاہے جہاں بھارتی فوجی انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط اور 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدم کو یکسر مسترد کرتے ہیں اور اپنے غم و غصے کے اظہار کے لیے کل جمعرات کو مکمل ہڑتال کریں گے ۔ ترجمان نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے کشمیری حریت قیادت کو گھروں اور جیلوں میں مسلسل نظربند کر رکھا ہے ۔انہوںنے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک محکموم نہیں رکھاجا سکتا ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہند انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے فسطائی ایجنڈے پر عمل پیرا بھارتی حکومت کشمیری عوام کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کررہی ہے ۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری ظلم و تشدد اور بھارتی تسلط سے کشمیریوںکی آزادی کیلئے اپنااہم کردار ادا کرے۔ اسلامی تنظیم آزادی جموں کشمیر کے چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میںکہا ہے کہ5اگست جموںوکشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے ۔

انہوںنے کہاکہ اس دن کشمیری ہڑتال کر کے دنیا پرواضح کر دیں گے کہ انہیں ان کا بنیادی حق ،حق خودارادیت دیاجانا چاہیے۔ انہوںنے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا سخت نوٹس لیں۔جموںوکشمیر تحریک استقامت کے چیئرمین غلام نبی وار نے ایک بیان میں کہاہے کہ 5اگست2019کو بھارت نے جموںوکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو مزید طول دینے کیلئے دفعہ 370اور35Aکو منسوخ کردیاتھا۔

انہوںنے کہاکہ بھارت کے ان یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے بعد نہتے کشمیریوںکووحشیانہ ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ تاہم انہوںنے کہاکہ کشمیریوںکی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو ظالمانہ ہتھکنڈوںکے ذریعے کمزور نہیں کیاجاسکتا ۔جموںوکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے جنرل سیکریٹری اسرارالحق نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہاہے کہ مودی حکومت کے 5اگست 2019کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدم سے مقبوضہ جموںوکشمیر اور کشمیری عوام بری طرح متاثر ہو ئے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ تناعہ کشمیر کو مذاکرات کے ذریعے حل کیاجاناچاہیے ۔